پاکستانی شیعہ خبریں

پاکستان میں جاری شیعہ نسل کشی، بین الاقوامی سازش ہے، ندیم افضل چن

afzal nadeem chan۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اور سرگودھا سے حکمراں جماعت کے ایم این اے ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پاکستان میں جاری شیعہ نسل کشی ایک بین الاقوامی سازش ہے جس میں ملک دشمن عناصر ملوث ہیں۔ ندیم افضل چن نے ”اسلام ٹائمز” کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملت جعفریہ کا ووٹ اس دفعہ بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے حصے میں ہی آئے گا۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی کارکردگی بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین پی اے سی کا کہنا تھا کہ پی اے سی نے ایک سیکرٹری انفارمیشن جس نے امریکہ سے دانتوں کا علاج اور کاسمیٹکس سرجری کروائی تھی، اس کو فارغ کر دیا ہے۔ دوسرے کیسز میں جکارتہ ایمبیسی، رائل پام کیس اور این ایل سی کیس میں ملک کے جرنیلوں کو مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے۔ ممبر قومی اسمبلی کا کہنا تھاکہ ہم صرف جرم کی نشاندہی کرسکتے ہیں باقی کام ایگزیکٹو اور عدلیہ کا ہوتا ہے۔

پی اے سی اور سپریم کورٹ کے درمیان جاری رسہ کشی پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے رجسٹرار کی پی اے سی میں حاضری پر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور کہا گیا ہے کہ رجسٹرار پی اے سی کے سامنے پیش نہیں ہوگا۔ اس فیصلے سے قوم کو پتہ چل گیا ہے کہ عدلیہ والے اپنا حساب نہیں کروانا چاہتے۔ پی اے سی نے اس سلسلے میں پارلیمنٹ کو رپورٹ کر دیا ہے، اب معاملہ پارلیمنٹ اور عدلیہ کے درمیان ہے۔

اس سوال پر کہ فوج اور عدلیہ کے اربوں روپے کا آڈٹ نہیں کیا جاتا۔ ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ اس وقت تک جمہوریت اس حد تک آزاد نہیں ہوئی کہ ان طاقتور اداروں کا آڈٹ کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی دوسری وجہ یہ ہے کہ پوری دنیا میں فوج کے سیکرٹ فنڈز ہوتے ہیں جن کا آڈٹ ممکن نہیں ہوتا۔ مملکت اور ریاست کے اہم ادارے جن کا دارو مدار سیکیورٹی پر ہوتا ہے ان کے سیکرٹ فنڈز کا آڈٹ ممکن نہیں ہوتا۔ لیکن اس کے باوجود فوج کے باقی اداروں کا آڈٹ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں فوج 80 فیصد تک آڈت کرواتی ہے۔

پاکستان میں جاری شیعہ نسل کشی پر بات کرتے ہوئے ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے خلاف ایک بدترین سازش ہے کہ معاشرے کے پر امن طبقے خواہ وہ شیعہ ہوں یا سنی ہوں ان کو مارا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میں بندوق اٹھا لوں اور اس دوران مر بھی جاؤں تو مجھے دکھ نہیں ہوگا۔ لیکن جو پرامن اور نہتے لوگ جنہیں مارا جارہا ہے، جن میں عیسائی بھی شامل ہیں، ان کو ملک دشمن عناصر ہی مار سکتے ہیں۔

اس سوال پر کہ پاکستان کی شیعہ تنظیمیں پاکستان پیپلز پارٹی سے ناخوش ہیں اور انہوں نے بارہا اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ایسی صورتحال میں ملت جعفریہ کے فیصلہ کن ووٹ سے پیپلز پارٹی کو ہاتھ دھونے بھی پڑ سکتے ہیں۔ ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ دوسری طرف بھی سپاہ صحابہ ہی ہے۔ انشاء اللہ شیعہ پیپلز پارٹی یا اس کے اتحادیوں کو ہی ووٹ دیں گے اور کسی کو نہیں دیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button