سامراج سازش کے تحت مسلمانوں میں تفرقہ پھیلا رہا ہے، اطہر عمران
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے حضرت رسول اکرم (ص) اور حضرت امام جعفر صادق (ع) کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر تمام عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم (ص) کی ذات نقطہ وحدت اور نقطہ اشتراک ہے، آپ کسی خاص خطے کے لئے نہیں بلکہ تمام عالمین کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں جو ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اسلام کو تنقید اور انتشار کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو غیر مسلموں کے ایک گروہ کے متعصب ہونے کی علامت ہے، دین اسلام محبت کا دین ہے۔ اطہر عمران نے کہا کہ اسلام کے دشمنوں نے ہمارے مکاتب فکر کے درمیان اختلافات پیدا کر دیئے ہیں، ہمیں اتحاد و وحدت کو اپنا کر تعلیمات رسول اسلام (ص) پر عمل پیرا ہونا ہے تاکہ اسلام ایک مضبوط قلعہ ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ اور سنی کے درمیان کسی بھی طرح کا اختلاف نہیں پایا جاتا ہے بلکہ ایک سامراجی سازش کے تحت تمام امت مسلمہ کو آپس میں لڑایا جا رہا ہے اور تفرقہ بازی کے ذریعے مسلمانوں کو ٹکڑوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، حضرت محمد (ص)جو کہ پوری کائنات کے لئے رحمت بنا کر بھیجے گئے، آپ ہی وہ شخصیت ہیں کہ جنہوں نے عربی و عجمی اور کالے اور گورے کے درمیان فرق کو ختم کیا اور واضح کیا کہ تمام لوگ برابر ہیں خواہ وہ مرد ہوں یا عورتیں۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ چند جاہل اور نا عاقبت اندیش لوگ کتابوں اور فلمی ذرائع کے ذریعے ایسی عظیم شخصیت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں لیکن مسلمانوں کی جانب سے پیغمبر اکرم (ص) کی شان میں گستاخی کے خلاف ردعمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور مسلمانوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کائنات کی عظیم ترین ہستی کیخلاف ہونے والی گھناونی سازشوں کے خلاف سخت احتجاج کریں اور دنیا کو بتا دیں کہ ناموس رسالت (ص) پر دنیا کی ہر چیز قربان کی جا سکتی ہے لیکن مسلمان اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ پیغمبر ختمی مرتبت (ص) کی شان میں گستاخی اور توہین آمیز رویہ اختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل پہلے سے زیادہ کمزور ہو چکا ہے اور وہ وقت دور نہیں کہ اسرائیل کی نابودی پوری دنیا مشاہدہ کرے گی، ملک میں شیعہ و سنی تفرقہ کی بات کر کے اسلام کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں جبکہ ملک میں شیعہ اور سنی کا کوئی مسئلہ موجود نہیں۔
جس طرح رسول اکرم (ص) نے ایک فاسد اور انتشار سے پُر معاشرے جہاں ہر قسم کی برائی پائی جاتی تھی، اپنے اخلاق، علم و دانش، حکمت اور محبت سے تمام اپنے اہداف کو ممکن بنایا اور شورش زدہ معاشرے کو سب کے لئے پُر امن بنا دیا، ہمیں بھی ان پاکیزہ تعلیمات کی روشنی میں معاشرہ سازی کرنا ہو گی۔ مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے حضرت امام جعفر صادق کی ولادت کے حوالے سے کہا کہ آج نہ صر ف اہل تشیع بلکہ تمام عالم اسلام کے لئے فرزند رسول امام جعفر صادق (ع) باعث فخر ہیں کیونکہ اسی امام کے طفیل رسول اکرم(ص) کے بعد تابعین اور تبع تابیعن کے بعد فقہ کو تحریری شکل میں لایا گیا،اس سے پہلے ساری فقہ صرف زبانی موجود تھی جو کہ تمام عالم اسلام کے لئے باعث فخر ہے۔