گلگت، کالعدم تنظیم کے خطرناک دہشتگرد فیضان کو بھگانے کی کوشش ناکام، ہینڈ گرنیڈ اور پسٹل برآمد
ڈسٹرکٹ جیل کشروٹ گلگت سے شہید اسد زیدی قتل کیس میں ملوث سزائے موت کے قیدی اور کالعدم تنظیم کے خطرناک دہشت گرد فیضان کو بھگانے کی کوشش ناکام، ہینڈ گرنیڈ اور پسٹل برآمد۔ گذشتہ شب ڈسٹرکٹ جیل کشروٹ گلگت سے گلگت بلتستان کے معروف سیاسستدان اور سابق اسپیکر قانون ساز اسمبلی شہید سید اسد زیدی قتل کیس میں ملوث سزائے موت کے قیدی اور کالعدم دہشتگرد تنظیم کے خطرناک دہشتگرد فیضان کو بھگانے کی کوشش کی گئی، جسے جیل کی سکیورٹی پر معمور ایف سی اہلکاروں اور جیل انتظامیہ نے ناکام بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق فیضان کے نام پولیس کانسٹیبل جہانگیر نے مالٹے کی ایک پیٹی کسی مقامی حجام کی وساطت سے جیل انتظامیہ کے حوالے کی، ڈیوٹی پر معمور ایف سی اور جیل انتظامیہ کے اہلکاروں نے جب پیٹی کی تلاشی شروع کی تو اس دوران مالٹے کی پیٹی سے ایک عدد ہینڈ گرنیٹد اور ایک عدد ٹی ٹی پستول بمعہ دس راونڈ برآمد ہوئے، جنہیں فوری قبضے میں لیکر کانسٹیبل جہانگیر اور سامان بجھوانے والے باربر کو فورا گرفتار کرکے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ گلگت کی ہی ایک جیل سے ممتاز عالم دین شہید علامہ سید ضیاءالدین رضوی قتل کیس میں ملوث خطرناک دہشت گرد شاکر اللہ کو بھی جیل انتظامیہ کی ملی بھگت سے فرار کروایا گیا تھا۔ گلگت بلتستان کے سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گلگت بلتستان حکومت اور محکمہ داخلہ سے جیلوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔