سر زمین پاکستان پر اسلام مخالف قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔مولاناحیدر علی جوادی کا کانفرنس سے خطاب
مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام حیدر آباد بائی پاس پرمنعقدہ قرآن و اہل بیت علیہم السلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف شیعہ رہنما مولانا سید حیدر علی جوادی نے کہا کہ دین اسلام حریت و آزادی کا مکتب ہے اور یہ مکتب طاغوت اور شیطانی قوتوں کی پیروی کی اجازت نہیں دیتا۔انبیاء علیہم السلام کا راستہ شجاعت اور جوانمردی کا راستہ ہے اور اسی راستے پر لبیک کہتے ہوئے امام خمینی ؒ اور ان کے فرزند علامہ شہید عارف حسین الحسینی ؒ نے سر زمین پاکستان پر استعمار ی قوتوں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی اور ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتوں کے خلاف علم بغاوت بلند کیااور اسی علم کو سر بلند کرتے ہوئے آج موالیان اہل بیت علیہم السلام سر زمین سندھ پر موجود ہیں اور دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور اس عزم کا اعادہ کر رہے ہیں کہ سر زمین پاکستان پر اسلام مخالف قوتوں اور دہشتگردوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔