طالبان پوری ملت اسلامیہ کیلئے خطرہ ہیں، ثروت اعجاز قادری
سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مضبوط و مستحکم پاکستان صرف زبانی دعوؤں سے نہیں عملی کام کرنے سے بنے گا، طالبان پوری ملت اسلامیہ کیلئے خطرہ ہیں، الیکشن میں دہشتگردی کا خطرہ ہے، نگراں حکومت عملی اقدامات کرے تو دہشتگردوں کی کمر توڑی جا سکتی ہے، جمہوریت عوام کو تحفظ اور ان کے حقوق دینے کا نام ہے، جو لوگ جمہوریت کے خلاف بات کر رہے ہیں، وہ عوام کے حقوق غصب کرنیوالے ہیں، پاکستان سنی تحریک ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ چاہتی ہے، خلفائے راشدین کا دور حکومت عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر محمدی کالونی سے آئے معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سیاست کو عبادت سمجھ کر کیا جائے تو ملک کے عوام کو حقوق مہیا ہو سکتے ہیں، ملک کی دولت لوٹنے والوں کو کٹہرے میں لانے کیلئے یا لوٹی گئی رقم ملک کے خزانے میں واپس لانے کیلئے آج تک کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جا سکے، نگراں حکومت ملکی دولت لوٹنے والوں کے چہروں کو عوام کے سامنے بےنقاب کرے تاکہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپشن زدہ افراد کو مسترد کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن تباہ کرنے والے سماج دشمن ہیں، قانون نافذ کرانے والے ادارے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کریں، انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے ہر سطح پر ہر ممکن اقدامات کئے جائیں کیونکہ شفاف انتخابات کے ذریعے آنے والی قیادت سے عوام روشن مستقبل کی توقع رکھتے ہیں، عوام کے حقوق کا حصول اور ملکی ترقی و خوشحالی کا راز شفاف منصفانہ، آزاد انتخابات میں پوشیدہ ہے۔