ہمارے لئے سب سے اہم شہداء کا خون ہے، الیکشن کے دوران جذبات سے کام نہ لیا جائے، علامہ عابد حسینی
سابق سینیٹر اور تحریک حسینی کے سرپرست اعلٰی علامہ سید عابد حسینی نے الیکشن کے دوران جذباتی باتوں سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے۔ اخباری نمائندوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ عوام، امیدواروں بالخصوص علماء اور خطباء سے میری گزارش ہے کہ انتخابی مہم کے دوران جذباتی بیانات سے مکمل احتراز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن لڑنے والے تمام امیدوار اسی دھرتی کے فرزند ہیں۔ عوام کو صرف اتنا حق حاصل ہے کہ ان میں سے کسی ایک کے ساتھ شامل ہوکر انکے لئے تہذیب اور روایات کے اندر رہتے ہوئے الیکشن مہم چلائیں اور تہذیب اور برداشت کا دامن کبھی ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ جبکہ امیدواروں کو بھی اتنا ہی حق حاصل ہے کہ اپنے دائرے میں رہ کر انتخابی سرگرمیاں چلائیں اس دوارں مقابل کسی امیدوار کی کوئی توہین نہ کریں۔ انہوں نے علاقے میں موجودہ کشیدہ فضا پر تشویش کا اظہار کیا، اور مطالبہ کیا کہ عوام، امیدوار خصوصاً علماء بہت برداشت سے کام لیں اور اپنے بیانات اور خطابات میں نسل پرستانہ باتوں سے مکمل گریز کریں۔
علامہ سید عابد حسینی کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے الیکشن سے زیادہ کرم کے دو ہزار شہداء کا خون اہمیت رکھتا ہے۔ جس کے باعث آج کرم امن کا گہوارہ ہے جبکہ ہم دو ہزار قربانیوں سے بنائی گئی اس فضا کو اپنے ہی ہاتھوں سے دوبارہ بگاڑنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے عوام کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ موجودہ اس طرح کے حالات کے پیچھے شاید ایجنسیوں کا ہاتھ ہو، چنانچہ عوام کو ہوش کے ناخن لینے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہلیان کرم بلکہ تمام مومنین آپس میں بھائی بھائی ہیں، میری عوام سے گزارش ہے کہ دکانوں اور گاڑیوں میں بھی ہر طرح کی نفرت انگیز باتوں سے اجتناب کیا جائے۔