انتخابات سے قبل دہشتگردی ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مذموم کوشش ہے، علامہ عارف واحدی
اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں حالیہ دہشت گردی کی لہر نے ہر محب وطن پاکستانی کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، نگران حکومت، الیکشن کمیشن و دیگر ذمہ داران عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں، الیکشن ملتوی کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے، غیر جانبدار انتخابات سے ہی ملک میں امن و استحکام قائم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ہونے والے پے در پے دہشت گردی کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کیا ہے۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ انتخابات سے قبل ملک بھر میں دہشت گردی کی حالیہ لہر ایک طرف ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مذموم کوشش ہے اور دوسری جانب انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے، ان حالات میں نگران حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور انتخابی عمل میں حصہ لینے والے امیدواران کی سکیورٹی کا مناسب انتظام کریں۔
سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک نے ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کے ان واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور ملک کے تمام محب وطن طبقات پر زور دیا کہ وہ باہمی اتحاد و وحدت کے ذریعہ دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ ریاست کے ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے دہشت گردوں کی جانب سے ان واقعات کی اعلانیہ ذمہ داری قبول کرنے کے بعد ان کے ٹھکانوں اور پناہ گاہوں کا کھوج لگاکر ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کرتے ہوئے نشان عبرت بنائیں۔