کوئٹہ : سرزمینِ شہداء پر وارثین شہداء نے مجلس وحدت مسلمین کی صداء پر لبیک کہہ دیا
کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے آئندہ انتخابات کیلئے اپنی سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرنے کیلئے ایک عظیم الشان عوامی جلسہ عام منعقد کیا گیا۔ جس سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ ولایت حسین جعفری اور نور ویلفئیر سوسائٹی کے عامر حسین چنگیزی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ جلسہ عام میں پہلی مرتبہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے آئندہ انتخابات کیلئے نامزد اْمیدواروں نے عوام سے خطاب کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے کوئٹہ میں حلقہ پی بی 1 سے حاجی ابراہیم، حلقہ پی بی 2 سے آغا رضا، حلقہ این اے 259 سے غلام حسین اور حلقہ پی بی 6 سے جعفرحسین کو نامزد کیا گیا ہے۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ اگر ملت تشیع اس بار اپنے حقوق کی حفاظت کرنا چاہتی ہے تو سب اہل تشیع کا اخلاقی فریضہ ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کو پورے پاکستان میں اپنے ووٹوں سے کامیاب بنائیں تاکہ مظلوم عوام کی آواز کو اسمبلیوں میں اْٹھایا جاسکے۔مجلس وحدت مسلمین نا صرف مکتب تشیع بلکے اس وطن عزیز میں بسنے والے تمام مظلوم و محروم طبقات کی نمائندہ جماعت ہے ، انشاء اللہ ملت پاکستان کی آرزوں اور امنگوں کو پورا کر نے میں ایم ڈبلیو ایم کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی ۔
اس عظیم الشان جلسے میں خانوادۂ شہداء سمیت خواتین ، بزرگوں اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی ، اہلیان کوئٹہ کے چہروں پر انتہائی مسرت کے آثار نمایاں تھے ۔جلسہ گاہ کو چاروں طرف سے ایم ڈبلیو ایم کے پرچموں سے سجایا گیا تھا ۔