کراچی میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، علامہ صادق تقوی
کراچی میں انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دے کر فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، آج کراچی میں متحدہ کے مبینہ دہشت گردوں کا راج رہا، فوج کی عدم موجودگی میں ٹھپہ مافیا نے عوام کو ووٹ ڈالنے نہیں دیا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے شفاف الیکشن کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی و قومی اسمبلیوں کے تمام حلقوں سے بیلٹ باکس غائب کر دیئے گئے اور مجلس وحدت مسلمین کے این اے253 کے امیدوار اصغر عباس زیدی کو گلشن اقبال ایرو کلب سے اغواء کیا گیا، جبکہ این اے 252، پی ایس 117،126، 127 کے امیدواروں اور کارکنان کو دہشت گردوں نے زدوکوب کیا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، پاکستان سنی تحریک کے رہنما مطلوب اعوان، علامہ محمد حسین کریمی، علامہ حیدر عباس عابدی، شاکر علی راوٴجانی، کاظم راوٴجانی، علی حسن نقوی سمیت کراچی کی تمام قیادت نے خراسان روڈ نمائش پر ہنگامی پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں دھاندلی کی نئی داستان رقم کی گئی، بوکھلاہٹ کی شکار جماعت کے مبینہ دہشت گردوں نے مظالم ڈھائے۔ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہوگئی کہ کراچی میں شفاف الیکشن نہیں ہوئے، جس کی تمام تر ذمہ داری الیکشن کمیشن، رینجرز اور دہشت گردوں پر عائد ہوتی ہے۔ ملیر، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، انچولی سوسائٹی، رضویہ سوسائٹی، سولجر بازار میں دہشت گردوں کا راج تھا۔