ایم ڈبلیو ایم کا شام میں مزارات کی بیحرمتی کیخلاف جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان
مجلس وحدت مسلمین نے شام میں مسلسل مزارات کی بیحرمتی اور امت مسلمہ کی پراسرار خاموشی کیخلاف جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں اس سلسلے میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاجی مظاہرے منعقد کئے جائیں گے۔ وحدت سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شام میں مسلسل مزارت کی بیحرمتی کا سلسلہ جاری ہے لیکن نام نہاد مسلم ریاستیں اسے رکوانے میں کوئی کردار ادا نہیں کر رہیں، تکفیری اسرائیلی، امریکی اور سعودی ایماء پر ابتک تبرکات رسول صلی اللہ وآلہ وسلم (دندان مبارک)، حضرت زکریہ علیہ السلام، صحابہ کرام حضرت عمار یاسر، حضرت اویس کرنی اور حضرت حجر بن عدی رضی اللہ کے مزارات اور مسجد کی توہین کرچکے ہیں جبکہ یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے تمام مکاتب فکر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاج میں شریک ہوں اور صحابہ کرام کے مزارات کے تحفظ کیلئے اٹھائے جانے والے اس اقدام کی بھرپور تائید کرتے ہوئے احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کو کامیاب بنائیں۔