ثقلین کوثر ایڈوکیٹ اور انکے معصوم بچوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف کراچی میں تین روزہ پر امن یوم سوگ کا اعلان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
کراچی میں سندھ ہائی کو رٹ کے وکیل ثقلین کوثر اور انکے معصوم بچوں کا قتل بربریت کی بد ترین مثال ہے ، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کراچی (شیعت نیوز) جب تک جیلیں اور عدالتیں دہشت گردوں اور قاتلوں کو تحفظ فراہم کرنا نہیں چھوڑیں گی اور ان کو سر عام تختہ دار پر لٹکاکر نشان عبرت نہیں بنایا جائے گا ۔دہشت گرد دھندناتے پھرتے رہیں گے ،اوربیگناہ شہریوں کا کشت و خون ہو تا رہے گا ، سندھ ہائی کورٹ کے سینئر وکیل ثقلین کوثر اور انکے معصوم بچوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف کراچی میں تین روزہ پر امن یوم سوگ کا اعلان کر تے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وحدت ہاؤس کراچی سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد قانون سے زیادہ طاقتور ہو چکے ہیں ، پولیس رینجرز یا تو دہشت گردوں پر گرفت پانے میں ناکام نظر آتی ہے ، اور اگر گرفت میں لے بھی آتی ہے تو انہیں بری کر دیا جا تا ، دہشت گردوں کی پشت پناہی میں پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں کے ملوث ہو نے کہ ٹھوس ثبوت موجود ہیں ، جو کہ ان اداروں کے سربراہان کے منہ پر تماچہ ہیں ۔ کراچی میں وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ شدت اختیار کر چکی ہے ، گذشتہ دنوں بھی دو سگے باپ بیٹوں کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھااور حکومت ابھی تک ان کے قاتلوں کو گرفتار کر نے میں ناکام رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ افسوس ناک امر یہ ہے پاکستان میں عدل مفلوج ہے ، عدلیہ تعصب کی عینک پہن کر فیصلے کر تی ہے ، بیگناہوں کے کیسز بیس ، بیس سال لٹکے رہتے ہیں جب کہ دہشت گرد چار پیشیوں پر رہا کر دیئے جاتے ہیں ، شہر کراچی میں سیکٹروں خطرناک ٹارگٹ کلرز دھندناتے پھر رہے ہیں ، جو کہ مذید بیگناہ ڈاکٹرز ، علماء ، وکلاء اور جوانوں کی کلنگ کا سبب بنیں گے ۔اگر ہماری فوجی اور سول قیادت پاکستان کی بقاء کے لیئے سنجیدہ ہے تو دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس حکمت عملی مرتب کر یں ،کیونکہ پاکستان کو وجود اب ان دہشت گردوں کے مرہون منت نظر آرہا ہے ۔ انہوں نے صوبائی نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد سندھ ہائی کو رٹ کے وکیل ثقلین کوثر اور انکے معصوم بچوں کے قاتلوں کو گرفتار کر کے قرارواقعی سزا دی جائے اور دہشت گردوں کو نشان عبرت بنایا جائے ۔انہوں نے ثقلین کوثر ایڈوکیٹ اور انکے معصوم بچوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف کراچی میں تین روزہ پر امن یوم سوگ کا اعلان کیا ہے ۔