امید ہے میاں نوازشریف چیلنجز پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائینگے، ساجد نقوی
اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد نقوی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نوازشریف کو تیسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پرمبارک باد پیش کرتے ہوئے پرامن انتقال اقتدار کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ امید ہے نومنتخب حکومت ملک سے دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، کرپشن، اقرباء پروری اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے تہنیتی پیغام میں کیا۔ علامہ سید ساجد نقوی نے کہاکہ عام انتخابات کے بعد پرامن طورپر انتقال اقتدار سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی اور معیشت مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ عوام نے جن توقعات اور امیدوں کیساتھ نو منتخب حکمرانوں کو منتخب کیا ہے امید ہے نئی حکومت ان تمام توقعات کو پورا کرنے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریگی۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، کرپشن، اقرباء پروری، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کا شکار ہے اور امن و امان کی صورتحال اس قدر خراب ہے کہ عام آدمی خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ توقع ہے کہ نئی منتخب حکومت مذکورہ بالا عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریگی۔
اسلامی تحریک پاکستان کے سینئر نائب صدر سید وزارت نقوی اور سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی نے بھی نئی حکومت کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے میاں نوازشریف اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہاکہ امید ہے کہ حکمران جماعت ملک کو ترقی اور خوشحالی پر گامزن کرنے کیلئے واضح پالیسی تشکیل دیگی اور ملک کو مسائل کی گرداب سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔