مولانا طارق جمیل کی طرف سے آغا سید راحت حسین الحسینی کو تبلیغی اجتماع میں شرکت کی باضابطہ دعوت
گلگت میں کل سے شروع ہونے والے تبلیغی اجتماع میں ملک بھر سے ہزاروں افراد شریک ہیں، جبکہ اجتماع میں حجتہ الاسلام والمسلمین آغا سید راحت حسین الحسینی بھی شرکت کریں گے۔ مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت میں تبلیغی جماعت کے ایک وفد نے ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل کی قیادت میں مولانا عتیق الرحمان اور مفتی سرور کے ہمراہ آغا سید راحت حسین الحسینی سے ملاقات کی اور مولانا طارق جمیل کی طرف سے آغا سید راحت حسین الحسینی کو تبلیغی اجتماع میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی گئی، جس پر آغا سید راحت حسین الحسینی نے مولانا طارق جمیل کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کی ترویج کے لیے تبلیغی اجتماعات انتہائی موثر ہیں۔
حجتہ الاسلام والمسلمین آغا سید راحت حسین الحسینی نے کہا کہ گھر گھر جا کر دین اسلام کی تبلیغ کرنا دنیا میں اسلام کی ترویج اور دین محمدی کی سربلندی کے لئے انتہائی موثر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں تمام مسلمانوں کی عبادات کی بجا آوری کی مکمل آزادی ہے۔ اس موقع پر مولانا طارق جمیل نے کہا کہ علماء انبیاء کے وارث ہیں، اس لیے علماء کی قدر کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سرزمین گلگت میں اس لیے جمع ہوئے ہیں کہ ایک دوسرے کے دلوں کو جوڑیں اور گلگت کی فضا کو اس طرح سے پرامن بنایا جائے کہ یہاں پر عوام پر سکون زندگی بسر کریں۔ مولانا طارق جمیل نے مزید کہا کہ ہر ایک کے عقیدے کا احترام ہم سب پر فرض ہے۔ آخر میں آغا سید راحت حسین الحسینی نے وفد کو مجموعے صحفہ کاملہ سجادیہ کی کتابوں کے تحائف بھی دیئے۔
علاوہ ازیں اسلامی تحریک پاکستان کے صوبائی وزیر دیدار علی اور چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی گلگت بلتستان سید رضی الدین رضوی نے بھی مولانا طارق جمیل سے خصوصی ملاقات کی۔