امام خمینی نے ثابت کردیا کہ علماء صرف محراب و منبر تک محدود نہیں بلکہ حکومت چلانیکی صلاحیت رکھتے ہیں، رہبر کبیر کانفرنس
امامیہ آرگنائزیشن لاہور ریجن کے زیراہتمام لاہور میں پیغام رہبر کبیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرید احمد پراچہ نے کہا کہ امام خمینی رضوان اللہ علیہ نے ثابت کر دیا کہ علماء صرف محراب و منبر تک محدود نہیں، بلکہ وہ حقیقی اسلامی نظام حکومت کو چلانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے تنہا مغربی استعمار کا مقابلہ کیا۔ حجة الاسلام علامہ محمد رضا مظفری نے کہا کہ امام راحل پوری دنیا کے مسلمانوں کے درمیان ایک متفقہ شخصیت ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی سے ثابت کیا کہ وہ کسی ایک فرقے تک محدود نہیں تھے بلکہ عالم اسلام کے رہنما ہیں۔
تحریک حسینیہ کے سربراہ اور جامعہ منہاج الحسین کے پرنسپل علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ امام خمینی ایک نورانی شخصیت کے مالک تھے۔ ان کا پیغام آفاقی تھا، وہ کسی علاقے، ملک یا گروہ تک محدود نہیں رہے۔ ڈائریکٹر خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران لاہور آقائے عبدالرضا سلطانی کا کہنا تھا کہ بانی انقلاب اسلامی نے سادہ زندگی بسر کی۔ اللہ کی راہ میں جہاد عقیدے اور تربیت کی بنیاد پر کیا اور سرخرو ہوئے۔