امت مسلمہ توہین رسالت اور اہلبیت اطہار علیہم السلام کے روضہ ہائے مبارک کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کر سکتی۔
نواسی رسول اکرم (ص) سیدہ زینب سلام اللہ علیہاکے روضہ مبارک پر ہونے والے حملے حرم پیغمبر اکرم (ص) پر حملوں کے مترادف ہے۔
نواسی رسول اکرم (ص) سیدہ زینب سلام اللہ علیہاکے روضہ مبارک پر ہونے والے حملےمیں امریکہ اور اسرائیل براہ راست ملوث ہیں، عالم اسلام سراپا احتجاج بن جائے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا مشترکہ احتجاج ، کراچی میں نمائش تا تبت سینٹر ریلی نکالی گئی
کراچی ۔ نواسی رسول اکرم (ص) سیدہ زینب سلام اللہ علیہاکے روضہ مبارک پر ہونے والے حملے حرم پیغمبر اکرم (ص) پر حملوں کے مترادف ہے۔نواسی رسول اکرم (ص) سیدہ زینب سلام اللہ علیہاکے روضہ مبارک پر ہونے والے حملےمیں امریکہ اور اسرائیل براہ راست ملوث ہیں، عالم اسلام سراپا احتجاج بن جائے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی ، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران اور مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی سمیت مولانا دیدار علی جلبانی سمیت علامہ جعفر رضا، مولانا منور نقوی اور علی حسین و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
احتجاجی ریلی کا اہتمام مجلس وحدت مسلمین پاکستان ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور مرکزی تنظیم عزاء کی جانب سے کیا گیا تھا ،نواسی رسول اکرم (ص) سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر پر ہونے والے حملےکے خلاف نکالی جانے والی احتجاجی ریلی و ماتمی جلوس میں ہزاروں خواتین اور مرد حضرات نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر بچوں کی بڑی تعداد بھی موجو دتھی، احتجاجی و ماتمی جلوس کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ہماری جان سیدہ زینب سلام اللہ علیہا پر قربان ہو، لبیک یا رسول اللہ ، لبیک یاحسین لبیک یا زینب ، مردہ باد امریکہ ،اسرائیل منظور سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ نواسی رسول اکرم (ص) کے روضہ مبارک پر ہونے والے امریکی و اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج کیا جائے۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی کاکہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل اسلام کے کھلے دشمن ہیں جو مسلمانوں کے مقدسات کی توہین کر کے اور ان پر حملے کر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں اور عالمی دہشت گرد امریکہ چاہتا ہےکہ کسی طرح پوری دنیا کو فرقہ واریت کی لعنت میں دھکیل دیا جائے اور مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کر دیا جائے، انکا کہنا تھا کہ ان تمام تر شیطانی ایجنڈوں اور مکر و فریب کا بنیادی مقصد غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کو تحظ فراہم کرنا ہے اور مسلم امہ کو منتشر کرنا ہے، انہوںنے مزید کہا کہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر ہونے والے حملوں میں امریکی اور صیہونی دہشت گرد براہ راست ملوث ہیں ،امت مسلمہ اپنے مشترکہ دشمن امریکہ اور اسرائیل کو سنگین جرائم کے ارتکاب پر معاف نہیں کر سکتی۔ان کاکہنا تھا کہ اب وہ وقت نہیں ہے کہ سامراجی ایجنٹ تکفیری دہشت گرد عناصر صحابہ کرام ، ازواج رسول اکرم (ص) اور اہل بیت اطہار کے مزارات کو منہدم کر دے اور دنیا خاموش تماشائی بنی رہے بلکہ اب وقت ہے کہ مسلم امہ اٹھ کھڑی ہو اور اسلام کے مقدسات اور شعار کی حفاظت کے لئے سامراجی ایجنٹ تکفیری دہشت گردوں کے خلاف سراپا احتجاج بن جائے۔علامہ بہشتی کاکہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اہل بیت اطہار علیہم السلام کے مزارات مقدسہ کی توہین پر سراپا احتجاج ہیں اور اپنے ازلی دشمن امریکہ اور اسرائیل کو اس اہانت کا براہ راست ذمہ دار سمجھتے ہیں۔
احتجاجی و ماتمی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران کاکہنا تھا کہ اگر سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر حملوں کا سلسلہ نہ رکا تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور دہشت گردی کے مراکز امریکی سفارتخانوں کا گھرائو کریں گے، اس موقع پر علامہ صادق رضا تقوی اور مولا نا دیدار علی جلبانی نے کہا کہ نواسی رسول اکرم (ص) جناب سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک کے تحفظ کے لئے ہماری جان بھی حاضر ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں رو زبروز دہشت گردی عروج پر پہنچ رہی ہے جس کا واحد علاج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنا ہے تاہم حکومت پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کرے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرے۔اس موقع پر شرکائے احتجاجی ریلی نے لبیک یا رسول للہ ، لبیک یا حسین ، لبیک یا زینب ، اور لبیک یا نصر اللہ کے نعرے بلند کئے اور ریلی کے اختتام پر امریکی اور صیہونی اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔