کسی بھی شیعہ جماعت سے میرا باضابطہ کوئی تعلق نہیں، علامہ راحت حسین الحسینی
امام جمعہ والجماعت مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت اور ممتاز عالم دین علامہ سید راحت حسین الحسینی نے گلگت میں خطبہ جمعہ کے دوران واضح اعلان کیا ہے کہ انکا کسی بھی شیعہ مذہبی جماعت یا تنظیم سے کسی قسم کا کوئی باضابطہ تنظیمی تعلق نہیں ہے اور انکا نظریہ ہے کہ جو بھی ملت تشیع کے وسیع تر مفاد میں مثبت اقدام اٹھائے گا، اسکا ساتھ دیا جائیگا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت کی انتظامی کمیٹی کی جانب سے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ مرکزی سطح پر گلگت میں کسی بھی ملی مرکزی پروگرام میں کسی بھی شیعہ تنظیم کو اپنی تشہیر کی اجازت نہیں دی جائیگی جبکہ مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت کی حدود میں بھی کسی بھی مذہبی تنظیم کو پروگرام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، تمام پروگرامات مرکزی امامیہ جامع مسجد کی انتظامی کمیٹی کی زیر نگرانی انجام دیئے جائینگے۔ انہوں نے اس موقع پر نئی رضاکار اسکاوٹس تنظیم کا اعلان کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ خالصتا دینی جذبے کے تحت رضاکارانہ طور پر اس رضاکار اسکاوٹس تنظیم میں شمولیت اختیار کرکے ملی خدمات انجام دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ علامہ سید راحت حسین الحسینی کے حکم پر اس مرتبہ گلگت شہر کی مرکزی القدس ریلی بھی مرکزی امامیہ جامع مسجد کمیٹی کی نگرانی میں نکالی گئی، جس میں کسی بھی تنظیم کو جھنڈوں اور نشرواشاعت کیساتھ شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔