چلاس اور بلوچستان میں ہونیوالی دہشتگردی کی اعلٰی سطح پر تحقیقات کرائی جائیں، علامہ ساجد نقوی
ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائم مقام سربراہ نے چلاس اور بلوچستان میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں سانحات کی اعلٰی سطح پر تحقیقات کی جائیں، دہشت گرد ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، حکومت فوری طور پر سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے چلاس میں سانحہ نانگا پربت کی تحقیقاتی ٹیم پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے اور بلوچستان سے پنجاب آنیوالی بسوں پر کی جانے والی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد سرعام دندناتے پھر رہے ہیں، حکومت کو ان دہشت گردوں کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک امن وامان کی صورتحال کو بہتر نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک معاشی طور پر بھی مستحکم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بے یار و مددگار مسافروں سمیت کسی کی بھی جان محفوظ نہیں ہے اور دہشت گرد جہاں چاہتے ہیں بے گناہوں کو خون میں نہلا دیتے ہیں، اب تک بے شمار دہشت گردی کے دل ہلا دینے والے واقعات رونما ہوچکے ہیں مگر ابھی تک اس حوالے سے حکومت کی موثر حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داران صرف مذمتی بیانات کی حد تک نہ رہیں بلکہ عملی اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ بالا واقعات کی اعلٰی سطحی تحقیقات کی جائیں اور دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ جب تک دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی نہیں کی جاتی اس وقت تک معصوم جانوں کا ضیاع ہوتا رہے گا، عوام اس وقت شدید اضطراب اور بے چینی کا شکار ہیں، عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔