کراچی، یوم آزادی کے موقع پر شیعہ و سنی علمائے کرام کی مشترکہ امن واک
انٹر فیتھ کمیشن برائے امن و مذہبی رواداری اور مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے تحت 14 اگست کو جشن آزادی کے پر مسرت موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علماء کی جانب سے امن واک کا اہتمام کیا گیا۔ یہ امن واک نمائش چورنگی سے مزار قائد تک منعقد کی گئی۔ امن واک میں متحدہ دینی محاذ کے سربراہ خطیب اہل سنت جناب مفتی اسلم نعیمی، مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید صادق رضا تقوی، ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد حسین کریمی، آئی ایس او کراچی ڈویژن کی ذیلی نظارت کے رکن علامہ ڈاکٹر عقیل موسیٰ، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، دارالعلوم قمر الاسلام کے سید محمد اظہر شاہ ہمدانی، انٹر فیتھ کمیشن برائے امن و مذہبی رواداری کے سربراہ قاری علامہ احسان صدیقی سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔
اس موقع پر مفتی اسلم نعیمی کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پاکستان پر ہمارے دشمن نے ہمیں ایک مرتبہ پھر للکارہ ہے، غیرت ملی کا تقاضہ ہے کہ تمام پاکستانی عوام سرزمین وطن کی ایک ایک ذرے کا دفاع کا عہد کرے، لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی پر زور مذمت کر تے ہیں لیکن ساتھ ہی اس یوم آزادی پر دشمن کو یہ پیغام بھی دینا چاہتے ہیں کہ یہ 1971 نہیں ہے 2013 ہے اور ابھی اس مادر وطن کے غیرت مند بیٹے زندہ ہیں اور اس وطن کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو نکالنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 67 ویں جشن آزادی پر ہمیں شہدائے تحریک آزادی کے ساتھ ساتھ ان شہدائے وطن کو بھی فراموش نہیں کرنا جنہوں نے مساجد، امام بارگاہوں، مزاروں، بازاروں، اور بسوں میں ظلم و بربریت کا نشانہ بن کر اس وطن کی مٹی کی لاج رکھی اور اپنے مقدس خون سے ملت پاکستان کو ہمیشہ ایک نیا حوصلہ اور ولولہ دیا، یوم آزادی پر تمام پاک فوج، اعلیٰ عدلیہ اور سول اداروں کو پاکستان کی سلامتی اور استحکام کا عہد کرنا ہوگا اور یہ عہد اسی صورت پورا ہوسکے گا جب ہم اس وطن کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے نجات دلا سکیں۔