ایم ڈبلیو ایم اور ذاکرین اہلبیت (ع) کا اتحاد شیعہ قوم کے درمیان وحدت کی علامت ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ولایت اہل بیت (ع) ہماری وحدت کا مرکز ہے، مجلس وحدت مسلمین اور ذاکرین اہل بیت (ع) کا اتحاد شیعہ قوم کے درمیان وحدت کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف ذاکر اہل بیت (ع) ضرغام عباس بخاری کی دعوت پر جھنگ کی مرکزی امام بارگاہ میں بزم ذکر حسین (ع) کے تحت منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضرغام عباس بخاری اور دیگر ذاکرین اہل بیت (ع) سمیت شرکاء کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ بعدازاں خطاب کرتے ہوئے سلطان الذاکرین ضرغام عباس بخاری نے مجلس وحدت مسلمین کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ ہمیں علامہ ناصر عباس جعفری کی صورت میں بہترین رہنماء نصیب ہوا ہے۔ علاوہ ازیں علامہ ناصر عباس جعفری نے جھنگ میں معروف ذاکر اہل بیت (ع) منور عباس غدیری اور ریاض شاہ رتووال اور دیگر ذاکرین اہل بیت (ع) سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ سید اظہر کاظمی و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔