کراچی، شیعہ ایس ایچ او شہید عرفان حیدر کی نماز جنازہ کی ادائیگی، وادی حسین میں تدفین
کراچی کے علاقے نارتھ کراچی انڈا موٹر پر امریکی نواز دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے شیعہ پولیس افسر ایس ایچ او نارتھ کراچی سید عرفان حیدر کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہرین امام بارگاہ خیر العمل انچولی سوسائٹی میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی اقتداء میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ دیدار علی جلبانی، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی، انور رضا نقوی اور پیپلز پارٹی کے رہنما سہیل عابدی اور دیگر شرکاء سمیت پولیس افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعدازاں شہید کے جسد خاکی کو جلوس کی شکل میں وادی حسین ع قبرستان میں لے جایا گیا جہاں اشکبار آنکھوں کے ساتھ شہید کی تدفین کی گئی۔ واضح رہے کہ کراچی میں کئی روز سے جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود دہشت گرد آزاد انہ طور سے کارروائیوں سے مصروف ہیں اور آپریشن کے دوران ہی کئی افراد دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بن چکے ہیں۔