جو طاقتیں مسلمانوں کی خوشیاں برداشت نہیں کرسکتیں، اُنہیں اس سرزمین پر بھی برداشت نہیں کرنا چاہیے، اطہر عمران
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر نے عید کے دن ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے صوبائی وزیر قانون اور دیگر افراد کے خلاف اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ عیدالاضحی کے دن موت کا کھیل کھیلنے والے بھی کیا مذاکرات کے قابل ہیں۔؟ جو طاقتیں مسلمانوں کی خوشیاں برداشت نہیں کرسکتیں، اُنہیں اس سرزمین پر بھی برداشت نہیں کرنا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ سانحہ ڈیرہ اسماعیل خان طالبان کے لیے نرم گوشہ رکھنے والے سیاستدانوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ چند روز قبل عمران خان نے پاکستان میں طالبان کا دفتر کھولنے جیسا بیان دیا تھا لیکن آج اُسی عمران خان کی حکومت کا وزیر طالبان کے حملے میں جاں بحق ہوگیا ہے۔ یہ حملہ عمران خان جیسے دیگر طالبان حامی سیاستدانوں کے لئے سبق ہے کہ طالبان کسی کے بھی خیر خواہ نہیں ہیں، یہ لوگ استعماری طاقتوں کے اشاروں پر پاکستان کا امن تباہ کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا افسوسناک امر یہ ہے کہ آج بھی بعض سیاستدان خودکش حملوں کی مذمت تو کرتے ہیں، لیکن حملے کرنے والوں کی مذمت نہیں کرتے۔