دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، علامہ عباس کمیلی
معروف اہل تشیع عالم دین و جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ سابق سینیٹر علامہ عباس کمیلی نے کہا ہے کہ جنت کے اصل حقدار وہ ہیں جو نبی اکرم (ص) اور انکے گھرانے (س) سے محبت کرتے ہیں کیونکہ اس کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا۔ ہمارا ملک ایک نازک دور سے گذر رہا ہے، بڑھتی ہوئی بے چینی اور دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور نبی اکرم (ص) کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں آپس میں لڑا نہیں سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماہر تعلیم و سماجی رہنما ناصر رضا جعفری کی اہلیہ صالحہ جعفری کے چہلم کے سلسلے میں مرکزی امامیہ ٹرسٹ لطیف آباد، حیدرآباد میں منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ دنیا میں موجود افرا تفری، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کا واحد حل مسلم امہ کا متحد ہونا ہے، جس سے ان عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی جو مذہب کی بنیاد پر لوگوں میں تفریق پیدا کرتے ہیں اور دنیا کا امن تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات ہمیں امن، محبت اور سلامتی کا درس دیتی ہے اور اس پر چلتے ہوئے ہم اپنے معاشرے سے منفی رجحانات کا خاتمہ کرکے ایک پرامن اور پرسکون زندگی گذار سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی مملکت ہے جہاں پر رہنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنی عبادات کی آزادی ہے اور ان سب کے متحد ہونے سے پاکستان مزید مستحکم ہوگا اور عالمی سطح پر پاکستان ایک دہشت گردی سے پاک ملک کی حیثیت سے پہچانا جائیگا۔