مسلم ممالک اپنی اقوام متحدہ اور مشترکہ فوج تشکیل دیں،علامہ عباس کمیلی
15.11.2009 جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے کہا ہے کہ اسرائیلی عزائم کے حوالے سے او آئی سی کے اجلاس میں سعودی وزیر اطلاعات کے اسرائیلی پالیسی سے متعلق کئے گئے انکشافات امت مسلمہ کو چونکا دینے والے ہیں۔ ہم سعودی وزیر کے موقف کی بھرپور تائید و حمایت کرتے ہیں۔جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اب بھی مسلمان متحد نہ ہوئے تو القدس ہاتھوں سے نکل جائے گا۔عباس کمیلی نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں نے فلسطین کے قلب میں اسرائیل کی ناجائز تخلیق کر کے اس کے ذریعہ پہلے بیت المقدس پر قبضہ کرایا اور اب مکہ اور مدینہ منوّرہ سمیت تمام مقامات مقدسہ پر قبضہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور انٹرنیٹ کے ذریعہ گریٹر اسرائیل کا نقشہ بھی دکھایا جا رہا ہے۔لہٰذا اصل خطرہ مکہ اور مدینہ منوّرہ سمیت تمام مقامات مقدسہ کو ہے،اس صورتحال میں سعودی عرب کو یہ باور کرانا ہو گا کہ مسلمانوں کا اصل دشمن کوئی اسلامی ملک یا مسلک نہیں بلکہ اسرائیل ہے،جس کے خلاف صف آراء ہونا ہو گا اور تمام مسلم ممالک اپنی اقوام متحدہ اور مشترکہ فوج تشکیل دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفریہ الائنس کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ حسن ظفر نقوی،علامہ فرقان حیدر عابدی و دیگر بھی موجود تھے۔علامہ عباس کمیلی نے سعودی وزیر کے موقف کی تائید کرتے ہوئے اپنی جانب سے تجاویز پیش کی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ سب سے پہلے ہمیں کلمہ توحید کی بنیاد پر اسلام کے پرچم تلے پوری امّت مسلمہ کو متحد و منظم کر کے سیسہ پلائی دیوار بننا ہو گا۔ فرقہ واریت کا خاتمہ کر کے تمام مسالک کو مذہبی آزادی دینی ہو گی،او آئی سی کو بھی فعال بنانا ہو گا۔