پاکستانی شیعہ خبریں
محرم الحرام میں بیرونی نہیں اندرونی خطرات لاحق ہیں،علامہ عباس کمیلی
16.12.2009 مملکت خداداد پاکستان کا دفاع اسلام کا دفاع ہے۔پاکستان انتہائی نازک حالات سے گزر رہا ہے،محرم الحرام میں مملکت خداد پاکستان میں بیرونی دشمنوں سے زیادہ اندرونی خطرات لاحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ و سابق سینیٹر علامہ عباس کمیلی نے جعفریہ الائنس کے زیر اہتمام منعقد کی گئی تحفظ عزاداری کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کانفرنس سے ہیئت آئمہ مساجد کے مولانا شیخ حسن صلاح الدین،مجلس ذاکرین امامیہ کے صدر،علامہ نثار قلندری،علامہ فرقان حیدر عابدی،علامہ آفتاب حیدر جعفری،مرکزی تنظیم عزا کے جنرل سیکریٹری سلمان مجتبیٰ،امامیہ آرگنائزیشن کراچی کے ناظم ضیاء الحسن،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی کے صدر زین انصاری کے علاوہ دیگر نے خطاب کیا۔علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ ملک انتہائی نازک حالات سے گزر رہا ہے اور ملک دشمن عناصر پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے کے درپے ہیں۔انہوں نے افواج پاکستان کی جوانمردی اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان ہی دراصل جہاد کا شرعی فریضہ ادا کر رہی ہیں جبکہ نام نہاد جہادی عناصر جہاد کا لبادہ اوڑھ کر پاکستان کو بدنام کرنے کی گھناؤنی سازش کے مرتکب ہو رہے ہیں۔جعفریہ الائنس پاکستان کے نائب صدر مولانا حسین مسعودی کو قائم مقام صدر مقرر کیا جبکہ مرکزی عزاداری سیل کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے جعفریہ الائنس پاکستان کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری سید شبر رضا کو مرکزی عزاداری کا نگران مقرر کیا۔