
پاراچنار کرم ایجنسی میں طالبان دہشت گردوں کی جانب سے گذشتہ چار سالہ محاصرے اور پشاور تا پاراچنار سڑک پر غاصبانہ قبضے کے خلاف پاراچنار کے طلبہ نے پاراچنار میں پولیٹکل ایجنٹ کے دفتر کے سامنے شدید احتجاج کیا۔شیعت نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق طلبہ مظاہرین پاکستان کے مختلف شہروں میں جامعات اور کالجز میں زیر تعلیم ہیں اور چھٹیوںکے دنوںمیں گھروں کا رخ کیا تھا تاہم حالیہ دنوں ایک مرتبہ پھر طالبان
دہشت گردوں کی جانب سے پاراچنار کرم ایجنسی میں دہشت گردانہ کاروائیوں میں اضافے اور سڑکوں کی بندش کے باعث سینکڑوں طلبہ پاراچنار میں پھنس گئے ہیں جس کے سبب ان کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور مستقبل شدید خطرے میں ہے۔
مظاہرین نے مسلسل تین روز سے جاری احتجاجی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک مطالبات منظور نہیںکئے جاتے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا ،انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انکے مستقبل کو تباہی سے بچانے کے لئے حکومت اپنا کردار ادا کرے اور انہیں پشاور منتقل ہونے کے لئے سرکاری قافلے اور ہیلی کاپٹرز چلائے جائیں۔