پاکستانی شیعہ خبریں
پاکستان میں عزائے امام حسین علیہ السلام کے جلوس
کراچی اور کوئٹہ میں یوم عاشور پر نکلنے والے مرکزی جلوس اپنی منزلوں پر پہنچ گئے، کراچی میں جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلس ہوئی۔مجلس کے بعد شرکاء جلوس کی شکل میں امام بارگاہ علی رضا (ع) پہنچے۔
اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعنیات کی گئی ہے، شرکا کو جامہ تلاشی کے بعد جلوس میں داخل ہونے دیا گیا، ہیلی کاپٹرز کے زریعے جلوس کی فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ کتوں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے زریعے بھی جلوس کی تمام گزر گاہوں کو کلئیر کیاجاتا رہا۔ جلوس کے قریب سے دو مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں میں اختتام پذیر ہوگیا۔
ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی آج یوم عاشور کی عزاداری اور ماتمی جلوس نکالے گئے، جڑواں شہر اسلام آباد سے بھی عزادار ان میں شرکت کے لئے راولپنڈی آرہے ہیں اور اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
سی پی او فخر سلطان کے مطابق راولپنڈی میں یوم عاشور پر سکیورٹی کے لئے پولیس کے 4 ہزار اہل کار تعینات ہیں جبکہ سادہ پوش سکیورٹی والے بھی متعین کئے گئے ہیں۔
جلوس کے مقامات والی اہم عمارات پر سنائپر شوٹر بٹھائے گئے ہیں اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگے ہیں۔
جلوسوں کی گزرگاہوں کے مقامات کی ہیلی کاپٹرز سے فضائی نگرانی ہوی جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر دکانیں اور رابطہ راستے بند رہے۔
ٹریفک انتظامات کے لئے 300 وارڈن متعین، اداروں میں رابطے کے لئے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔
مرکزی جلوس تیلی محلہ کی امام بارگاہ عاشق حسین اور اقبال روڈ کی امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہوں گے۔ بوہڑ بازار سے بھی بڑا جلوس نکالا جائے گا۔
یہ جلوس راجا بازار والے فوارہ چوک پر اکھٹے ہوکر رات کو واپس امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوں گے۔
لاہورمیں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اندرون موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہوا ہے جو اپنے مقررہ روٹ پر ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچا۔
لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والاشبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس جمعرات کی شب برآمد ہوا اور اپنے مقررہ روٹ پر رواں دواں رہا جلوس کے شرکا نے اذان فجر کے بعد مسجد کشمیریاں کے باہر زنجیر زنی اور ماتم کیا۔
ذوالجناح کا مرکزی جلوس اندرون موچی محلہ، محلہ شیعیاں، لال کھوہ، چوک نواب صاحب، کشمیری بازار، رنگ محل اور اندرون بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا آج مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں ۔پانچ ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ 200سے زائد سی سی ٹی کیمروں کے ذریعے بھی جلوس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
ملتان :شب عاشور کے سلسلے میں شب بیداری کی مجالس
ملتان میں شب عاشور کے سلسلہ میں شب بیداری کی مجالس برپا کی گئیں جبکہ شب عاشور کے ماتمی جلوس بھی برآمد ہوئے۔
ملتان میں شب عاشور کے حوالے سے شب بیداری کی مجالس کے بڑے اجتماع یوسف شاہ گردیز، امام بارگاہ حیس آباد سمیت مختلف مقامات پر برپا ہوئے جہاں ذاکرین نے حسین عالی مقام علیہ اسلام کے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی اور اہل بیت (ع) کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈآلی۔
شب عاشور کے ذوالجناح، علم، تعزیہ کا قدیمی جلوس ثلاثی لائن سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا شاہ شمس پر اختتام پذیر ہوا۔
دوسری جانب استاد اور شاگرد کے قدیمی تعزیوں سمیت تمام تعزیے زیارت کے لئے اپنے آستانوں میں رکھ دئے گئے ہیں اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
فیصل آباد میں امام بارگاہ امین پور سے شب عاشور کا جلوس برآمد ہوا
فیصل آباد میں امام بارگاہ امین پور سے شب عاشور کا جلوس سخت سیکیورٹی میں نکالا گیا جلوس شہر کے مختلف علاقوں سے گزر کر واپس امام بارگاہ امین پور پر اختتام پزیر ہوا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں عزاداران کربلا نے امام بارگاہ بمو شاہ سے شب عاشور کا جلوس نکالا۔
جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اسی جگہ اختتام پزیر ہوا۔
جلوس کے اختتام پر مجلس بپا ہوئی۔
نواب شاہ میں شبیہ علم و ذوالجناح کا روایتی جلوس مرکزی امام بارگاہ مرتضوی موہنی بازار سے بر آمد ہوا۔
جلوس کی سیکیورٹی کے لئے دو ہزار پولیس اہلکار اور کمانڈوز تعینات ہیں۔ جلوس مقررہ راستوں سے گزر کر امام بارگاہ مرتضوی پر ہی اختتام پزیر ہوا۔