Uncategorized

زائرین کی بس پر حملہ افسوسناک، حکمران دہشتگردوں کی سرپرستی چھوڑ دیں، امتیاز کاظمی

شیعہ نیوز (اسٹاف رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین لاہور کے رہنماؤں علامہ امتیاز کاظمی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور، علامہ سید جعفر موسوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور، شیخ عمران علی ضلعی رہنما مجلس وحدت مسلمین لاہور، سید حسین زیدی ضلعی رہنما مجلس وحدت مسلمین لاہور اور رائے ناصر علی نے صوبائی سیکرٹریٹ مسلم ٹاوُن لاہور میں ملک میں جاری شیعہ کلنگ کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں علامہ امتیاز کاظمی نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہر میں آئے روز شیعہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کراچی میں ہمارے سیاسی عمل کو روکنے کیلئے لسانی گروہ کے دہشت گرد ہمارے کارکنوں کا قتل عام کر رہے ہیں، گذشتہ سال نومبر اور دسمبر میں ملک بھر میں 60 سے زائد شیعہ افراد کو بے دردی سے قتل کیا گیا لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، دہشت گردوں کو شیعہ نسل کشی کیلئے کھلی چھٹی دیدی گئی ہے، پاکستان کے تمام ادارے سپریم کورٹ، حکمران، افواج پاکستان اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی شیعہ نسل کشی پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے، ہزاروں پاکستانیوں اور سکیورٹی فورسز کے قاتل طالبان سے مذاکرات کو ہم مسترد کرتے ہیں، پاکستانی بزدل حکمرانوں کو اگر قوم کی سکیورٹی کا خیال نہیں تو عوام کو اپنے دفاع کا حق دیا جائے، بصورت دیگر وہ وقت دور نہیں جب ان مظلوم محب وطن عوام کے ہاتھوں میں ان غاصب حکمرانوں کے گریبان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں زائرین امام رضا (ع) کو نشانہ بنانے والے ملک دشمن تکفیری درندوں کیخلاف صوبائی و وفاقی حکومت کا کوئی قدم نہ اٹھانا اس بات کی دلیل ہے کہ ان تکفیریوں کی سرپرستی کوئی اور نہیں ہمارے ہی ملک دشمن حکمران کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیعہ نسل کشی کا معاملہ ہم اب عالمی سطح پر اٹھانے پر مجبور ہیں۔ اسی سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام لسانی و تکفیری دہشت گردوں کیخلاف لندن اور پاکستان میں جمعہ کو احتجاج کیا جائیگا۔ لاہور میں کل سہ پہر 3 بجے پریس کلب لاہور کے سامنے مظاہرہ ہوگا۔ 5 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سنٹر میں دہشت گردوں کیخلاف عوامی ریفرنڈم یرغمال نہیں ہونے دیں گے، ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک کو اس ملک کی بقا کیلئے بہا دیں گے لیکن ملک دشمنوں کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button