پشاور کی سینٹرل جیل، قیدیوں میں تصادم
شیعہ نیوز (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی سینٹرل جیل میں دوگروہوں کے درمیان تصادم کے واقعے میں تین قیدی زخمی ہو گئے۔تصادم کے واقعے کے بعد جیل حکام نے فوج اور پولیس کی اضافی نفری طلب کر کے جیل کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔
سینٹرل جیل میں اہم قیدی موجود ہیں جن میں القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں نشاندہی میں امریکہ کی معاونت کرنے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی بھی شامل ہیں۔خیبر پختونخوا میں سینٹرل جیل بنوں اور سینٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان پر حملوں کے بعد پشاور جیل کی سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کی سینٹرل جیل پر طالبان نے حملہ کر کے تین سو چوراسی قیدیوں کو رہا کروا لیاتھا، فرار ہونے والے قیدیوں میں زیادہ تر طالبان شدت پسند تھے۔پاکستان میں 89 جیلیں ہیں جن میں سے 65 جیلوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ حساس قرار دی جانے والی جیلیں صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں واقع ہیں۔