بلوچستان میں چند سالوں سے ملت جعفریہ اور مکتب اہلبیت (ع) کا میڈیا ٹرائل جاری ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کربلائے کوئٹہ میں دین حق کی سربلندی کیلئے جن عظیم شہداء نے اپنے مقدس لہو کا نذرانہ پیش کیا وہ قوم و ملت کی بیداری کا باعث بنا۔ شہداء کے ورثاء نے جرات و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی تاریخ میں قیام کا نیا باب رقم کیا۔ مجلس وحدت مسلمین اور ناصر ملت کی رہنمائی میں ایک طاغوتی حکومت کا خاتمہ کرکے ثابت کردیا کہ قیام اللہ ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ عزم راسخ کے حامل بلند ہمت لوگ جو خوف اور لالچ کی قید سے آزاد ہوں، تاریخ کا رخ بدلتے ہیں۔ مایوس، شکست خوردہ اور پست ہمت لوگ قوم و ملت کے کسی درد کی دوا نہیں کر سکتے۔ ملت جعفریہ پاکستان بیداری، استقامت اور قیام اللہ کے اوصاف اپنا کر عصر حاضر کی یزیدیت کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ شہداء کی برسی کے موقع پر ہم ان سے تجدید عہد وفاء کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گذشتہ چند سالوں سے ملت جعفریہ اور مکتب اہل بیت (ع) کا میڈیا ٹرائل جاری ہے۔ امریکہ، اسرائیل، بھارت اور سعودی سرمایہ کے زور پر جاری اس میڈیا ٹرائل کا مقصد ملت جعفریہ کو تنہا اور مایوس کرنا ہے۔ شیعیانِ علی (ع) کے خلاف جاری ان تبلیغات نے امیر شام کی یاد تازہ کر دی ہے، مگر تشیع اس امتحان میں بھی سرخرو ہوگی اور دشمن کے مقدر میں ذلت و رسوائی ہو گی۔