میلاد کے جلسے جلوسوں کوچار دیواری تک محدود کرنے کی بات کرنے والی کالعدم تنظیموں کو کام کرنے سے روکا جائے ، سُنی تحریک
شیعہ نیوز (راولپنڈی) پاکستان سنی تحریک راولپنڈی کے ڈویژنل صدور کی قیادت میں علماء و مشائخ اہلسنت کے وفد نے سی پی او محمد اختر حیات لالیکا سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور عید میلاد النبی (ص) کے پروگراموں کی سکیورٹی کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ وفد کا کہناتھا کہ میلاد کے جلسے جلوسوں کی اجازت نامے سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ ملکی حالات کے پیش نظر عید میلاد النبی (ص) کے جلسے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ میلاد کے جلوسوں کے روٹ پر صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ تحریری، تقریری اشتعال انگیز مواد پر پابندی لگائی جائے۔ ہر تھانے کی سطح پر تمام مسالک کے جیّد، سینئر اور معتبر علماء پر مشتمل امن کمیٹیاں بنائی جائیں۔
عید میلاد النبی ؐ کے جلوسوں کو چار دیواری تک محدود کرنے کی بات شہر کی پر امن مذہبی فضاء کو کشیدہ کرنے کی سازش ہے۔ کالعدم تنظیموں کے نیٹ ورک کو ختم کر کے انہیں نئے ناموں سے کام کرنے سے روکا جائے۔ اس موقع پر سی پی او اختر حیات لالیکا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک جن حالات سے گزر رہا ہے آج اسکی ضرورت ہے کہ اپنے عمل و کردار سے اولیاء اللہ کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔ عید میلاد النبی ؐ کے جلسے جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کریں گے۔ ایک مخصو ص انتہا پسند لابی ملک میں مذہبی خونریزی اور انتشار چاہتی ہے۔ پاکستان کا ایک ایک اینچ ہمارے اکابرین کی امانت ہے ملک میں امن، محبت بھائی چارگی اخوت اور روادری کو قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزارات، مساجد اور علماء مشائخ کو نشانہ بنانے والوں کے عزائم کو اپنے اتحاد اور یکجہتی سے ناکام بنانا ہو گا۔ اسلام میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔