بلوچستان میں اسلحہ و ہتھیار سمیت تمام گاڑیوں کو جاری راہداریاں اور پرمٹس منسوخ
شیعہ نیوز(کوئٹہ) سینٹرل پولیس آفس بلوچستان کوئٹہ کے ایک اعلامیہ کے مطابق مختلف ذرائع سے راہداریوں اور پرمٹس کے تحت اسلحہ و ہتھیار اور غیر رجسٹرڈ و نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے جرائم اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہونے کی مصدقہ اطلاعات ملنے پر مجاز حکام کی جانب سے تمام راہداریاں اور پرمٹس فوری طور پر منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے آئی جی پولیس کی جانب سے تمام رینکس اور کانسٹیبلری کی سطح تک ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکورہ راہداریوں اور پرمٹس کی منسوخی کے بعد کسی بھی شخص کے پاس یہ راہداریاں/پرمٹس اور ان کے تحت جاری کردہ اسلحہ یا گاڑیاں پائی جائیں تو انہیں فوری طور پر گرفتار اور گاڑیاں اور اسلحہ قبضے میں لیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس کی رپورٹ فوری طور پر مزید کارروائی کے لیے آئی جی پولیس کو بھجوائی جائے جبکہ اس حوالے سے پیشرفت سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ بھی مکمل تفصیلات کے ہمراہ آئی جی پولیس کو بھجوائی جائے۔