برادر اسلامی ملک کی کردار کشی پر حکومت نوٹس لے، فرقہ واریت کے ذمہ دار عرب ممالک ہیں۔طارق محبوب
شیعہ نیوز (کراچی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور یہود و نصاریٰ پاکستان میں فرقہ واریت پھیلانے کے مرتکب ہیں۔ سعودی عرب اور یہودی اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش میں سرگرم ہیں۔ پاکستان میں جتنے بھی حالات خراب ہو رہے ہیں، چاہے وہ بلوچستان میں ہوں، خیبر پختونخوا میں ہوں، غیر ملکی عناصر طالبان کے اندر کام کر رہے ہیں اور زیادہ تر کا تعلق عرب ممالک سے ہے۔
ایک سوال کے جوب میں طارق محبوب کا کہنا تھا کہ یہ تو انتہائی حیرت انگیز بات ہے کہ ایک پولیس افسر(راجہ عمر خطاب) وہ بغیر کسی تحقیق و تفتیش کے اور بغیر عدالتی فیصلے کے کیسے اعلان کر رہا ہے کہ فرقہ واریت میں ایک اسلامی ملک ملوث ہے۔ ایک پولیس افسر کو تو اتنا اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ ایک گرفتار شخص کو مجرم قرار دے، اسے سزاوار قرار دے، جب تک عدالت فیصلہ نہ کرے۔ حیرت ہے کہ ایک پولیس افسر عدالت کے بغیر عدالت لگا رہا ہے، ایک پولیس افسر عدالتی تحقیقات اور فیصلے کے بغیر ایک برادر اسلامی ملک کے تشخص کو پامال کر رہا ہے، پاکستان میں برادر پڑوسی اسلامی ملک کی کردار کشی کی جا رہی ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اس کے پیچھے ایک بہت بڑی سازش کارفرما ہے اور قومی سلامتی کے اداروں کا اس کا نوٹس لینا چاہئیے۔