پشاور، پولیو ٹیم میں شامل پولیس وین پر فائرنگ، جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک جبکہ دوسرا زخمی
شیعہ نیوز(پشاور) پشاور میں کمسن بچوں کو 9بیماریوں سے بچاو کی ویکسین اور ادویات پلانے کی مہم شروع ہو گئی۔ یہ مہم تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ ’صحت کا انصاف‘ پروگرام کے پہلے مرحلے میں چلائی جا رہی ہے۔ مہم کے موقع پر شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور تقریباً چار ہزار پولیس اہلکار اس موقع پر تعینات کئے گئے ہیں۔ اگرچہ حکام کی جانب سے شہر میں موٹر سائیکل چلانے پر بھی پابندی عائد کی گئی لیکن مکمل طور پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ صوبے کے 12 اضلاع میں بچوں کو امراض سے بچاو کا کورس مکمل کرنے والوں کو ایک ہزار روپے نقد دئیے جائیں گے جبکہ 12 اضلاع میں حاملہ خواتین کو دوران حمل دو مرتبہ زچگی کے بعد ایک مرتبہ چیک اپ کرانے کی صورت میں 2700روپے دئیے جائیں گے جو ایم این سی ایچ کے تحت ہوں گے۔
دریں اثنا پرائمری ٹیچرز نے ’’صحت کا انصاف‘‘ پروگرام میں حصہ لینے سے انکار کر دیا۔ آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث پرائمری اساتذہ مذکورہ مہم میں حصہ نہیں لے رہے۔ صوبائی حکومت نے مہم کیلئے 9 ہزار اساتذہ کو طلب کیا تھا۔ پشاور میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس وین پر فائرنگ اور جوابی کارروائی میں ایک شدت پسند مارا گیا۔ پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر موسی زئی میں مسلح عسکریت پسندوں نے پولیو مہم کی ڈیوٹی پر مامور پولیس وین پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک حملہ آور مارا گیا اور دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ مزید برآں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خیبر پی کے میں 5لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔