Uncategorized

ریٹائرڈ اور غیرمتعلقہ افسران سے فورا سکیورٹی واپس لیجائے، چوہدری نثار علی خان

شیعہ نیوز(راولپنڈی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے راولپنڈی پولیس کو غیرمتعلقہ افراد سے سکیورٹی واپس لینے کی ہدایت کر دی جبکہ اسلام آباد اور گردونواح میں غیرملکیوں کی رجسٹریشن کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیرصدارت اعلٰی سطح کا اجلاس وزارت داخلہ اسلام آباد میں ہوا جس میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد اور آر پی او راولپنڈی کی اجلاس کو بریفنگ دی۔ آر پی او راولپنڈی نے اجلاس کو بتایا کہ گذشتہ ڈیڑہ ماہ میں راولپنڈی میں 153 سرچ آپریشن کیے گئے ہیں، ان سرچ آپریشن میں غیر ملکیوں سمیت 630 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سانحہ راجہ بازار میں ملوث 74 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔7 امام بارگاہوں پر حملوں میں ملوث 53 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اطمینان کا اظہار کیا کہ سانحہ راولپنڈی میں شہید ہونے والی مسجد کی دوبارہ تعمیر کا آغاز 16 فروری سے ہو جائیگا۔ انہوں نے قبضہ مافیا پر نظر رکھنے کیلئے راولپنڈی اور اسلام آباد کی پولیس کو تعاون بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جائے، دونوں شہروں میں چھپے ہوئے دہشتگردوں کو فوری طور پر منظر عام پر لایا جائے۔ وزیر داخلہ نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کی ہدایت کی اور کہا کہ سرچ آپریشن کے دوران رینجرز کی معاونت حاصل کیجائے۔ وزیر داخلہ نے اسلام آباد اور گردونواح میں غیرملکیوں کی رجسٹریشن کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی ایڈیشنل سیکرٹری حامد علی خان کی سربراہی میں کام کرے گی۔ وزیر داخلہ نے راولپنڈی پولیس کو غیرمتعلقہ افراد سے سکیورٹی واپس لینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ریٹائرڈ اور غیرمتعلقہ افسران سے فورا سکیورٹی واپس لی جائے، سکیورٹی کی بہتری کیلئے ہمیں جوانوں کی ضرورت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button