تفریحی دورہ چولستان، کھانے پینے اور کرکٹ کے شوقین وزیر اعظم موسیقی کے بھی دلدادہ نکلے
شیعہ نیوز (چولستان) پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے چولستان کا دورہ کیا جہاں بدھ کی رات کو ان کے لیے ایک محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا جو رات گئے تک جاری رہی۔وزیر اعظم نے رات محکمۂ جنگلات کے ریسٹ ہاؤس لال سوہار نیشنل پارک میں قیام کیا جہاں بدھ کی رات کو کھلے آسمان تلے الاؤ کے گرد ضیافت منعقد کی گئی جس میں انواع و اقسام کے دیسی کھانے پیش کئے گئے۔وزیر اعظم نواز شریف کے لیے جو محفل موسیقی سجائی گئی اس میں لاہور سے خصوصی طور پر لائے گئے مشہور گلوکار انور رفیع کے علاوہ مقامی فنکاروں نے بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے۔جمعرات کی صبح نواز شریف نے چولستان کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وزیر اعظم نے مقامی لوگوں سے لطیفے سنے اور انھیں لطیفے سنائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر مملکت برائے داخلہ میاں بلیغ الدین اور مقامی ممبر قومی اسمبلی ریاض پیرزادہ بھی اس تفریحی دورے میں وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔وزیر اعظم کے دورہ چولستان کے دوران پنجاب حکومت نے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے تھے۔مقامی ذرائع کے مطابق اس موقعے پر ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی رینج کی پولیس سے تین سے چار ہزار پولیس اہل کاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔مقامی پولیس کے اہل کار ساری رات محکمۂ جنگلات کے ریسٹ ہاؤس کے باہر تعینات رہے جہاں وزیر اعظم موسیقی سے محظوظ ہوتے رہے۔زرائع کے مطابق میاں نواز شریف کو بہاولپور کے جنگلات میں واقع یہ ریسٹ ہاؤس بہت پسند ہے۔ 1980 کی دہائی میں جب وہ مارشل لا کی حکومت میں گونر جیلانی کے کھیلوں کے مشیر تھے اس وقت سے وہ اس ریسٹ ہاؤس میں تفریحی کی غرض سے جاتے رہے ہیں۔مقامی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق اس دورے کے دوران نواز شریف کا شکار کھیلنے کا بھی پروگرام تھا جو بعض وجوہات کی بنا پر منسوخ کر دیا گیا۔
واضع رہے کہ ملک میں جاری بدامنی کی فضا میں بھی حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں میں مصروف ہے اور عوام کو مذہبی انتہا پسند دہشت گردوں کے حولے کر کے پاکستانی محب وطن عوام کے پیسوں سے تفریحی دورے کئے جارہے ہیں۔