پاکستان نے شام میں فوج بھیجنے کا سعودی مطالبہ رد کردیا، پاکستانی اخبار کا دعویٰ
شیعہ نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک پاکستانی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے شام میں فوج بھیجنے کا سعودی مطالبہ رد کردیا ہے۔ باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے کچھ عرصہ قبل پاکستان سے شام میں فوج بھیجنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے خواہش ظاہر کی گئی تھی کہ پاکستانی فوج شام میں بشارالاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے میں باغیوں کی مدد کرے۔ اس سلسلے میں پاکستان کو قریباً دس ارب ڈالر مراعات کی صورت میں دینے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔ تاہم پاکستان کی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے اس منصوبے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا جس کی وجہ سے اسے عملی جامہ نہ پہنایا جاسکا، یہ مطالبہ منظور نہ ہونے کے باعث کچھ عرصہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بھی وہ گرمجوشی نہ رہی، تاہم اب سفارتی کوششوں کے ذریعے تعلقات میں کافی حد تک بحالی ہو چکی ہے اور سعودی ولی عہد کے بیٹے کی پاکستان آمد بھی نارملائزیشن کی نشانی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کو درپیش مالی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت ان دنوں سعودی عرب سے تیل کی خرید پر چھ ماہ کی کریڈٹ سہولت حاصل کرنے کے لئے بات چیت کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ولی عہد سلمان بن عبدلعزیز السعود بھی رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔