مکان پرشدت پسندوں کے حملے میں امن لشکر کے نو رضاکار ہلاک
شیعہ نیوز ( پشاور) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے مضافات میں ماشوخیل کے علاقے میں شدت پسندوں نے ایک حملے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے حکومت کے حمایتی امن لشکر کے نو رضا کاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔علاقے میں چند روز سے امن لشکر اور شدت پسندوں کے درمیان حملوں کا سلسلہ جاری تھا۔ پولیس انسپکٹر فرمان کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد بہت زیادہ تھی اور یہ حملہ نیم شب کے وقت کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے پہلے ایک مکان پر دستی بم پھینکے اور جب اس مکان سے خاندان کے افراد باہر نکلے تو ان پر فائرنگ شروع کر دی جس سے نو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔یہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا لیکن اس علاقے میں خطرات کی وجہ سے پولیس رات کے وقت موقع پر نہیں پہنچ سکی۔ صبح کے وقت پولیس اور مقامی افراد پہنچے تو انھیں واقعے کا علم ہوا۔پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ جس مکان پر حملہ کیا گیا ہے اس میں حکومت کے حمائتی امن لشکر کے رضا کار موجود تھے۔ یہ سب ایک ہی خاندان کے افراد تھے جن میں بھائی بھتیجے اور قریبی رشتہ دار شامل تھے۔پولیس اہلکار نے بتایا کہ چند روز پہلے امن لشکر کے اہلکاروں نے ایک کارروائی میں شدت پسندوں کے ایک گروپ کے اہلکار کو ہلاک کر دیا تھا۔اسی خاندان سے ظفر نامی جوان پولیس اہلکار تھا جسے چند روز پہلے شدت پسندوں کے اسی گروپ نے ایک کارروائی کے دوران ہلاک کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق ظفر کو اس وقت ہلاک کیا گیا تھا جب پولیس ایک دھماکے کی جگہ پر پہنچی تھی اور واپسی پر حملہ آوروں میں سے ایک نے ظفر سے پہلے اس کی شناخت پوچھی اور پھر اسے ہلاک کر دیا تھا۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ شدت پسندوں کے اس گروپ کا تعلق لشکر اسلام سے بتایا گیا ہے اور چند روز پہلے امن کمیٹی کے رضا کاروں نے اس گروپ کے ایک اہم شخص کو ہلاک کردیا تھا جس کا یہ بدلہ لیا گیا ہے۔ ماشو خیل پشاور کے مضافات میں واقع ہے جہاں اس سے پہلے بھی تشدد کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ یہ علاقہ خیبر ایجنسی کی سرحد کے قریب واقع ہے اور اکثر حملہ آور تشدد کی کارروائیوں کے بعد انھی علاقوں کی جانب فرار ہو جاتے ہیں۔