مجلس وحدت مسلمین کی سانحہ راولپنڈی کے اسیران سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی ریلی
شیعہ نیوز (راولپنڈی) سانحہ راولپنڈی کے گرفتار ملت تشیع کے بےگناہ اسیران کو جلد از جلد رہا کیا جائے، آج کا مظاہرہ اسیران کی رہائی کی تحریک کا آغاز ہے اگر پنجاب حکومت نے یکطرفہ کارروائیاں نہ روکی اور اسیران کو رہا نہ کیا گیا تو پھر ملک گیر تحریک چلائیں گے، پنجاب حکومت دہشتگردوں کی سرپرستی کرنا چھوڑ دے، ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم ضلع راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید الحسن رضوی، ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر عباس، مولانا سلیم حیدر جعفری، ایس یو سی راولپنڈی کے صدر مولانا قاسم جعفری، مولانا اکبر کاظمی، مولانا ساجد شیرازی، راحت کاظمی و دیگر مقررین نے ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام اسیران سانحہ راجہ بازار کی رہائی کیلئے نکالی جانیوالی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی، دہشتگردوں کو کھلی چھٹی دے دی گئی ہے، جبکہ دوسری طرف پاکستان سے محبت کرنے اور بنانے والوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھتے ہوئے انہیں بےگناہ اسیر کیا جا رہا ہے۔ ظہیر عباس نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت نااہل ہو چکی ہے، دہشتگردوں کی سرپرستی کرنا چھوڑ دے۔
مولانا سلیم حیدر جعفری نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، اسیران کو رہا نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلائیں گے، ملک کو دہشتگردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے، پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے۔ مولانا قاسم جعفری نے کہا کہ پنجاب حکومت تنگ نظری سے کام نہ لے اور ہمارے جذبات سے نہ کھیلے، قانون کا احترام کرتے ہیں، صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا تو ملک بھر میں نکلیں گے، مقررین نے مطالبہ کیا کہ اسیران کے ساتھ غیر انسانی و غیر اخلاقی سلوک روکا جائے۔ سانحہ عاشورہ کے پس پردہ سازش کو بےنقاب کیا جائے۔ شہید مظہر مبارک اور عزاداروں پر ہونے والے حملوں میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کیا جائے اور آج تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔ 2 ماہ سے مساجد اور امام بار ہوں کی بےحرمتی پر کیا ایکشن لیا گیا ہے بتایا جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آئندہ جمعہ کو پنجاب حکومت کیخلاف راولپنڈی میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک بلاجواز گرفتار بیگناہ افراد کی رہائی عمل میں نہیں آتی۔ ریلی میں شیعہ علماء کونس اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنان نے بھی شرکت کی۔