پاکستانی شیعہ خبریں

پوری قوم دہشتگردوں کیخلاف اعلان جنگ کی منتظر ہے، جلد فیصلہ کیا جائے، ثروت اعجاز قادری

 شیعہ نیوز (کراچی) سربراہ پاکستان سُنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردوں کیخلاف اعلان جنگ کی منتظر ہے، سول و عسکری قیادت جلد فیصلہ کرے۔ دہشتگردی کے ناسور کو پھیلنے کا مزید موقع دینا اجتماعی خودکشی کے مترادف ہوگا۔ ملک بچانے کیلئے فیصلے کا وقت آگیا ہے۔ امن کو ایک اور موقع دیتے دیتے مزید کتنے لوگوں کو دہشتگردوں کی بھینٹ چڑھایا جائے گا؟ بھیک مانگنے سے امن قائم نہیں ہو گا۔ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جہاد کیلئے صف بندی کر لے۔ طالبان کے ہاتھوں 23 ایف سی اور 13 پولیس اہلکاروں کی شہادت مذاکراتی کمیٹیوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ منور حسن پاک فوج کو اعصاب مضبوط کرنے کا درس دینے کی بجائے اپنے اعصاب مضبوط کرکے بتائیں کہ کیا وہ ملک و قوم کی بقاء کیلئے افواج پاکستان کیساتھ کھڑے ہوں گے یا دہشتگرد طالبان کے ساتھ؟ ساٹھ ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں کو پاکستان کے بیٹے قرار دینا پاکستان کیساتھ وفاداری نہیں بلکہ غداری ہے۔ ایف سی اور پولیس اہلکاروں کے قتل کی ایف آئی آر طالبان کے حمایتوں کیخلاف درج ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر اسلام آباد اور کوئٹہ کے عہدیداروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجازقادری نے کہا کہ مذاکراتی عمل کے دوران کچھ نام نہاد لیڈروں اور علماء کا کردار انتہائی شرمناک ثابت ہوا ہے۔ جو لوگ کل تک طالبان کی جنگ کو خفیہ ہاتھوں کی کارووائی قرار دیتے تھے آج وہی جنگ بندی کی اپیل کے ذریعے انھیں بچانا چاہتے ہیں۔ دہشتگردی کے مسلسل واقعات کے بعد قوم کی اکثریت مذاکرات کی بجائے آپریشن کی حامی ہے۔ پوری قوم دہشتگردی سے نجات کیلئے پاک فوج کی طرف دیکھ رہی ہیں اِن حالات میں بھی مذاکرات کادم بھرنے والے دراصل طالبان کے ہی ساتھی ہیں۔ طالبان کے تمام گروپ دہشتگردی پر متحد اور مذاکرات پر تقسیم ہیں۔ مذاکرات کے ذریعے قوم کا مزید خون بہانا بند کیا جائے۔ پاکستان سُنی تحریک طالبان کے ہاتھوں ایف سی اور پولیس اہلکاروں کے قتل عام کیخلاف جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طالبان صرف شرپسندوں کا باغی گروہ ہی نہیں بلکہ ایک متوازی ریاست کے دعویدار بھی ہیں۔ طالبان کا ایک تہائی کراچی پر کنٹرول حکمرانوں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ حکمرانوں کی کمزوری کی وجہ سے ریاست کے اندر کئی ریاستیں قائم ہو چکی ہیں۔ وزیراعظم میاں نواز شریف فوری طور پر مذاکرات کے کھیل کو ختم کر کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا دوٹوک اعلان کریں۔ قوم کا بچہ بچہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button