پاک ایران سرحدی کمیشن اجلاس،مغوی اہلکاربازیاب کرانےکی یقین دہانی
شیعہ نیوز (کوئٹہ) ڈپٹی گورنر سیستان بلوچستان علی اصغر میر شکاری کا کہنا ہے کہ ایرانی فورسز کے اغواء سے ان کی عوام کے احساسات مجروح ہو ئے ہیں، پاکستانی حکومت کی جانب سے اس مسئلے کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔کوئٹہ میں کمیشن کے اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی گورنر ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان علی اصغر میر شکاری اور چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد نے مشترکا پریس کانفرنس میں خطاب کیا۔ ڈپٹی گورنر سیستان و بلوچستان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں بارڈر سے متعلق ایشوز پر بات کی، جس میں اہم ایشو ایرانی سرحد سے ایرانی فورس کے لوگوں کے اغواء کے بارے میں تھا، سرحد پر سیکیورٹی کا ایشو اہمیت کا حامل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اور وزیراعلی بلوچستان کو بھی ایران دورے کی دعوت دی گئی ہے، اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد کا کہنا تھا کہ مکمل یقین دہانی کرائی ہے، کہ اگر ایرانی محفاظ پاکستان کی سرزمین پر ہیں تو انہیں ڈھونڈنے میں بھرپور تعاون کریں گے۔
اجلاس میں دونوں ممالک کی سرزمین پر دہشت گرد کاروائیوں پر نظر رکھنے پر بھی اتفاق ہوا، انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جو سرحدی سربراہان پر مشتمل ہوگی اور بارڈرز کے تمام معاملات کو دیکھے گی۔ یہ کمیٹی ہر تین ماہ بعد رپورٹ کمیشن کے سامنے پیش کرے گی، دہشت گرد کارروائیوں کےحوالے سے معلومات کے تبادلے پر بھی اتفاق ہوا۔ دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بھی عملدر آمد کیا جائے گا۔، دونوں ممالک کے درمیان تحفظات باہمی اتفاق اور میل جول کے ذریعےحل کئے جائیں گے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے لئے مزید گیٹ کھولنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔