بلوچستان حکومت نے زائرین کیلئے زمینی راستہ کھول دیا، پہلا قافلہ کل صبح روانہ ہو گا
شیعہ نیوز (کوئٹہ) بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مستونگ کے راستے سے ایران جانے والے زائرین کیلئے زمینی راستہ کھول دیا گیا ہے۔ 21 جنوری کو بلوچستان کے علاقے مستونگ میں زائرین پر ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد ایران جانے والی زائرین کی بسوں کیلئے زمینی راستہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ جس سے ملک بھر سے زمینی راستہ سے ایران جانے والے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ حکومت نے زائرین کیلئے زمینی راستے کی بجائے کوئٹہ ٹو مشہد، خصوصی فضائی سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن فضائی سروس انتہائی مہنگی ہونے کی وجہ سے زائرین نے حکومت سے زمینی راستے کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔ اس سلسلے میں گذشتہ دنوں شیعہ علماء کونسل کے رہنماء علامہ سید ساجد علی نقوی، مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا سمیت پاکستان بھر کے شیعہ علماء و عمائدین نے بلوچستان حکومت سے زائرین کیلئے زمینی راستے کو کھولنے کا پُرزور مطالبہ کیا اور مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر احتجاج کی دھمکی بھی دی تھی۔ تمام رہنماؤں کی مشترکہ کوششوں سے پورے ایک مہینے بعد آج بلوچستان حکومت کی جانب سے زائرین کی 20 بسوں پر مشتمل قافلے کو باقاعدہ این او سی جاری کر دی گئی ہے۔ زائرین کی یہ بسیں کل منگل صبح مستونگ کے علاقے سے سخت سکیورٹی حصار میں ایران کی جانب روانہ ہونگی۔ دریں اثناء زائرین کیلئے کوئٹہ ٹو مشہد خصوصی فضائی سروس بھی شروع کی جائے گی، جس میں ابتدائی طور پر 118 مسافروں کو پی آئی اے کے ذریعے کوئٹہ ٹو مشہد پہنچایا جائے گا۔