سعودی حکومت نبی اکرم (ص) کی جائے ولادت کو شہید کرنے سے باز رہے، انجمن طلباء اسلام
شیعہ نیوز (لاہور) انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر اسد خان جدون اور دیگر مرکزی رہنماؤں ارحم سلیم قادری، منیر چوہدری، محمد اکرم رضوی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے سعودی حکمران ہوش کے ناخن لے اور نبی کریم (ص) کی مولد مبارک کو شہید کرنے سے باز آ جائیں اور مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنا بند کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دفتر خارجہ سعودی سفیر کو طلب کر کے احتجاج کرے اور ان سے مطالبہ کیا جائے کہ پوری دنیا میں پھیلے ہوئے غلامان مصطفی (ص) کے جذبات اور احساسات کی قدر کی جائے، سرکار مدینہ (ص) کا مولد مبارک مسلمانوں کیلئے عقیدت و محبت کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا مکہ مکرمہ میں سرکار دو عالم (ص) مولد مبارک کو توسیع کے نام پر شہید کرنے کی خبر سے دنیائے اسلام میں بے چینی کی لہر دوڑ گی ہے۔ انجمن طلباء اسلام کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ سعودی سفارت خانے سمیت عالم اسلام کے سفیروں کو احتجاجی خطوط ارسال کیے جائیں۔