دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر لاہور میں ہائی الرٹ
شیعہ نیوز (لاہور) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر لاہور میں سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کر دیئے گئے ہیں۔ لاہور کی تمام اہم شاہراہوں ہر ناکہ بندی کر کے گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ بازاروں اور رش والی مارکیٹس میں بھی سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ فلائی اوورز، پلوں، میٹروبس کے ٹریک، عدالتوں، ہسپتالوں، مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق اسلام آباد کچہری میں ہونے والے خود کش حملے کے بعد لاہور میں بھی دہشت گردانہ واردات کا خدشہ ہے جس کی بنا پر سکیورٹی اداروں نے ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
آئی جی پنجاب خان بیگ نے لاہور سمیت تمام اضلاع کے ڈی پی اوز کو بھی ایک مراسلے کے ذریعے سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ سرکاری و غرسرکاری املاک کے ساتھ ساتھ نواز لیگ کی قیادت کی سکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا اور وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی زمینی سفر کم کرنے کا کہا گیا ہے۔