مذاکراتی عمل کی آڑ میں دہشتگردوں کو مضبوط ہونے کا موقع مل رہا ہے، اشرف آصف جلالی
شیعہ نیوز (لاہور) تحریک صراطِ مستقیم کے زیر اہتمام ریلوئے اسٹیڈیم گڑھی شاہو میں منعقدہ شان رسول ﷺ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے تحریک کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کا کہنا تھا کہ عاشقان رسول ﷺ شان رسول پر پہرہ دینے کیلئے کفن باندھ کر میدان میں اُتر آئے ہیں۔ مغرب کے گستاخانہ طرز عمل کو لگام دینے کیلئے بدروحنین جیسے جذبوں کو اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے جان کی پرواہ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری، جمیعت علماء پاکستان کے جزل سیکرٹری شاہ محمد اویس نورانی، پیر سید نوید الحسن مشہدی، پیر محمد افضل قادری، حافظ خادم حسین رضوی، مفتی محب اللہ نوری، صاحبزادہ عبد المصطفےٰ ہزاروی، مفتی محمد عابد مبارک، علامہ لیاقت حسین ازہری، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مفتی حبیب نقشبندی، صاحبزادہ داؤد رضوی، مفتی اسرار احمد حبیبی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ دہشت گرد مذاکرات کے نام پرحکومت کوبے وقوف بنا رہے ہیں۔ مذاکراتی عمل کے دوران دہشت گردوں کو مضبوط اور اپنی حکمت عملی تشکیل دینے کا موقع مل رہا ہے۔ حکومت کو دہشت گردوں کے دھو کے میں آنے کی بجائے سخت ریاستی ایکشن کرنا چائیے۔ طالبان ہوں یا کوئی بھی دہشت گرد وہ امن کی زبان ہر گز نہیں سمجھ سکتے۔ چند روز کے فوجی ایکشن سے طالبان بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے تھے۔ فضائی حملے روکنے نہیں چاہیے تھے بلکہ دہشت گردوں کا صفایا کرنے کیلئے ملک بھر میں بڑا آپریشن کیا جائے اور فضائی حملوں کے ذریعے دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ کیا جائے تو ملک میں اَمن ممکن ہو سکتا ہے۔