بحرینی عوام کے قاتل بادشاہ کی پاکستان آمد پاکستانی عوام کیلئے تکلیف دہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بحرینی عوام کے قاتل حماد بن خلیفہ کی پاکستان آمد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ نواز شریف حکومت نے پہلے شام کے دہشتگردوں کو سپورٹ کرنے کیلئے سعودی حکومت کیساتھ معاہدہ کیا اور اب بحرینی عوام کے قاتل آل خلیفہ کے اس بادشاہ کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن مظلوم کی ہمیشہ حمایت کرنے والے پاکستان کے عوام کیلئے یوم سیاہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ بحرین میں ظلم کے پہاڑ ڈھانے والوں کو پاکستان کے عوام رد کر چکے ہیں اور ایسے میں اس قاتل بادشاہ کا استقبال عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں سعودی حکومت کی جانب سے نواز شریف کو ڈیڑہ ارب ڈالر جو دیئے گئے ہیں، نواز شریف قوم کو واضح کریں کہ کس کام کے عوض یہ رقم انہیں دی گئی ہے۔ پاکستان کی داخلہ اور خارجہ پالیسی پاکستانی عوام کی خواہشات کے مطابق ترتیب دی جائے، اور اگر ملکی پالیسیاں امریکہ اور آل سعود کے مفادات کے تحت بنائی جائیں گی تو ہم اس کے خلاف مزاحمت کریں گے۔