پاکستانی شیعہ خبریں

شہداء ملت کا عظیم سرمایہ ہیں جن کی یاد کو ہر قیمت پر باقی رکھنا چاہئیے، آئی ایس او

شیعہ نیوز (کراچی) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن ملیر یونٹ کے تحت سفیر انقلاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی و استاد محترم شہید سبط جعفر زیدی کی برسی کی مناسبت سے ہفتہ افکار شہداء منایا گیا۔ اس سلسلے میں ملیر بھر میں مجالس عزا، دعائیہ اجتماعات و سیمینارز منعقد کئے گئے۔ ہفتہ افکار شہداء کے سلسلے کا پہلا پروگرام، مجلس عزاء برائے بلندی درجات سفیر انقلاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی و استاد محترم شہید سبط جعفر زیدی، حسینیہ امامیہ ہال برف خانہ میں منعقد کیا گیا جس سے جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی نے خطاب کیا اور ادارہ ترویج سوزخوانی نے شہداء کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس سلسلے کا دوسرا پروگرام مسجد و امام بارگاہ حیدری مشن کھوکھراپار میں منعقد کیا گیا جس سے حجتہ السلام و المسلمین مولانا عباس علی وزیری نے مجلس عزاء سے خطاب کیا۔ بعد از خطاب علاقائی انجمنوں نے نوحہ خوانی سینہ زنی کی۔ مسجد و امام بارگاہ محمدی ڈیرہ میں مجلس عزاءکا انعقاد کیا گیا جس سے مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے رہنماء حجتہ السلام آغا سید نقی ہاشمی نے خطاب کیا۔

ہفتہ افکار شہداء کا آخری و مرکزی پروگرام دعائے کمیل و مجلس ترحیم برائے بلندی درجات شہید سید فضل عباس نقوی و شہدائے ملت جعفریہ امام بارگاہ شاہ نجف برف خانہ میں منعقد کیا گیا۔ قاری سید محمد علی مانی نے دعائے کمیل کی تلاوت فرمائی۔ بعد از دعا مجلس سے خطاب حجتہ السلام و المسلمین مولانا سید علی افضال رضوی نے خطاب کیا۔ مولاناسید علی افضال رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس سعادت کو مولائے کائنات امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام سعادت کی سند عطا کریں وہ شہادت ہے، لہٰذا شہادت ہمارا ورثہ ہے اور شہداءملت کا وہ عظیم سرمایہ ہیں کہ جن کی یاد کو ہر قیمت پر باقی رکھنا چاہئیے۔ علامہ علی افضال رضوی کا کہنا تھا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی، شہید استاد سبط جعفر، شہید فضل عباس سمیت تمام شہدائے ملت اس قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں کہ جس قبیلے کے لوگ اپنے آپ کو ہمیشہ سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام سے متصل رکھتے ہیں اور بالآخر آگاہانہ شہادت جس کی تمنا ہمیشہ اپنے دل میں رکھتے ہیں، اسے گلے لگا لیتے ہیں۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل برادر سید احسن عباس، سیکریٹری سیاسیات آغا حسن عباس رضوی، سیکریٹری اطلاعات سید جعفر رضوی سمیت ضلعی کابینہ و ایم ڈبلیو ایم حسین آباد یونٹ کے کارکنان اور شیعہ علماء کونسل ملیر زون کے رہنما سید مسلم عابدی و شیعہ علماء کونسل حسین آباد یونٹ کے کارکنان سمیت مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کی تصویری نمائش بھی لگائی گئی۔ مجلس عزاء کے بعد امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن ملیر یونٹ و مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کا وفد حجتہ السلام و المسلمین مولانا سید علی افضال رضوی کی سربراہی میں شہید مظلوم شہید سید فضل عباس کی رہائشگاہ پر خانوادہ شہید سے ملاقات کی اور خراج عقیدت پیش کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button