ہمارے حکمران پر امن پاکستان سے زیادہ پر امن افغانستان کے خواہاں ہیں، علامہ مختار امامی
شیعہ نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ پاکستان کو آج انہیں قوتوں سے خطرات لاحق ہیں جنہوں نے قیام پاکستان کی مخالفت کی تھی، پاکستان بچانے کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے افکار و نظریات پر عمل کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر وحدت ہاؤس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ یوم قرارداد پاکستان کے عظیم دن پر ہمیں وطن عزیز کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرنی ہوگی، ملک تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، موجودہ سیاسی و مذہبی لیڈر شپ نے تحریک پاکستان کے بزرگ اکابرین کی سیرت و کردار کو ترک کردیا، پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے ہمیں حق کا ساتھ دینا اور باطل سے برات کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکمران وطن دشمن گروہوں کے ہاتھوں یرغمال ہو چکے ہیں، بھارت کے ساتھ تجارت کے خواہاں حکمران معصوم کشمیری ماؤں، بہنوں، بچوں، جوانوں اور بزرگوں کے خون کو فراموش کر چکے ہیں، آج ہمارے حکمران پر امن پاکستان سے زیادہ پر امن افغانستان کے خواہاں ہیں، پاکستانیت ہمارے حکمرانوں کے روح سے نکل چکی ہے، کرپشن زدہ، خون آلود، لڑکھڑاتا پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کی ارواح کو تڑپاتا ہے، عوام کو خود آگے بڑھ کر پاکستان کی بقاء اور سالمیت کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، باہمی اتحاد و وحدت ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔