بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا، وزیراعلیٰ بلوچستان
شیعہ نیوز( کوئٹہ) ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور معیاری تکمیل کے ساتھ ساتھ اس سلسلے میں مختص کئے گئے فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت سے بلوچستان کے عوام نے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں انہیں ہر صورت پورا کیا جائے گا اور عام آدمی کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام علاقوں میں روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف محکموں میں بھریتاں ضلع کی بنیاد پر کی جائیں گی، کابینہ میں عیسائی برادری کے لیے دو رہائشی اسکیموں کا معاملہ زیر بحث آیا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری(ترقیات) نے کابینہ کو بتایا کہ مذکورہ اسکیموں میں سے ایک پر وفاقی اور صوبائی حکومت کے مشترکہ فنڈنگ سے منصوبے پر 80فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دوسرے منصوبہ پر صوبائی حکومت نے کام کیا ہے، دونوں اسکیموں کی تکمیل کے لیے پی ایس ڈی پی سے مزید فنڈز فراہم کرنے کی ضرورت ہے، کابینہ نے دونوں منصوبوں کو اگلے پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی منظوری دی، ساتھ ہی یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ دونوں اسکیموں کی تکمیل کے لیے متعلقہ وزیر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
کابینہ نے بلوچستان پرائیویٹ منی لینڈنگ بل کی بھی منظوری دی، جسے صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ جس کے تحت بلوچستان میں دو افراد کے مابین سود پر قرضہ دینا یا کاروبار کو قابل سزا جرم قرار دیا گیا ہے، کابینہ نے دہری شہریت سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیم پر غور کرنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچی کہ دہری شہریت کا قانون برقرار رہنا چاہیے اور اس کا اطلاق ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ افسران اور ججوں پر بھی ہونا چاہیے، کابینہ نے بلوچستان کے سرکاری ریکارڈ اور قدیم تاریخی دستاویزات کو تحویل میں لینے اور دیکھ بھال کے بل کی بھی منظوری دی، نوادرات کو تحویل میں لینے اور دیکھ بھال کے لیے بورڈ بنانے کی بھی منظوری دی گئی، کابینہ نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے مختلف جاری منصوبوں کی تکمیل اور مشینوں کے آلات کی خریداری کے لیے ضروری فنڈز کی فراہمی کی منظوری بھی دی، وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اس موقع پر پی ایچ ای کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ سہولتوں کی فراہمی اور اس کے ساتھ ہی آمدن میں اضافے کو یقینی بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی صرف عوام کے فعال تعاون سے ہی ممکن ہے۔کابینہ نے لوکل گورنمنٹ رولز میں مجوزہ ترامیم سے اتفاق کیا