سعودی عرب کے ڈیڑھ ارب ڈالر تحفے میں لینے کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی، چوہدری شجاعت
شیعہ نیوز (لاہور) مسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کامیاب ہونے کی امید نہیں لیکن پھر بھی اس کے لیے دعاگو ہوں۔ لاہور میں ملتان روڈ پر اپنے خاندانی ملازم کی بیٹی کی شادی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میں نے پہلے ہی دن کہہ دیا تھا کہ پرویز مشرف کے کیس کا کچھ نہیں بنے گا، پرویز مشرف کو غدار نہیں آئین شکن کہا جا سکتا ہے اور پرویز مشرف پر کیس چلانا بھی کوئی ضروری نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات نہ کرانا آئین سے غداری ہے اور بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر شریف برادران کے خلاف بغاوت کا مقدمہ قائم ہونا چاہئے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وہ دعاگو ہیں کہ طالبان سے مذاکرات کامیاب ہوں مگر ایسی کوئی امید نظر نہیں آتی، موجودہ حکمران نہ تو عوام کے لیے کچھ کریں گے اور نہ ہی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا، سعودی عرب سے ملنے والی رقم پر چودھری شجاعت نے کہاکہ ڈیڑھ ارب ڈالر تحفے میں لینے کی بھاری قیمت بھی ادا کرنی پڑتی ہے۔