دیوبندی مدارس اور مساجد کی تعمیر پر پابندی کے حکومتی فیصلے پر جے یو آئی کی مزاحمت کی دھمکی
شیعہ نیوز (میرپور ماتھیلو) وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے دیوبند مساجد اور مدارس کی تعمیر پر پابندی عائد کئے جانے کے بیان کیخلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے میرپور ماتھیلو میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں ہزاروں کارکنوں نے حکومتِ سندھ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے حکومت سندھ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی پالیسی کی آڑ میں مدارس اور مساجد پر پابندی کے حکومتی فیصلے کی جمعیت علمائے اسلام سخت مزاحمت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مساجد اور مدارس کو کنٹرول کرنے کی پالیسی امریکا کی ہے اور حکومت سندھ سن لے کہ جے یو آئی اب گلی گلی مساجد اور مدارس قائم کریگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف تھر میں قحط کے باعث بچے بھوک سے مر رہے تھے تو دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سندھ فیسٹیول میں محو رقص تھے۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول نے کرسمس ڈے پر یہ خواہش ظاہر کی تھی کہ پاکستان کا صدر بھی عیسائی ہونا چاہیے جو انتہائی شرمناک ہے۔ انہوں نے جسقم کے رہنما مقصود قریشی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔